پاکستان پیپلزپارٹی ایک بار پھر جنم لے چکی ہے اس کے نئے جنم سے پیپلز پارٹی کو ختم کرنے یا بھٹو کے بغیر پیپلزپارٹی کا خواب دیکھنے والے جز بز دکھائی دے رہے ہیں۔
No More Bhutto, No More PPP
کی تصوراتی دنیا میں بھٹکنے والے اب بلاول بھٹو زرداری میں خامیاں تلاش کر رہے ہیں۔ سچی بات یہ ہے کہ مجھے کوئی ایسی خوش فہمی لاحق نہیں کہ ایسے عناصر جو پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید سے نفرت کرتے تھے ان کے دل میں بلاول بھٹو زرداری کے لئے نرم گوشہ پیدا ہو سکتا ہے، ان کو آصف علی زرداری اس لئے پسند نہیں کیونکہ آصف علی زرداری نے قائد عوام کی فلاسفی اور محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ اگر آصف علی زرداری قائد عوام بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نظریئے سے انحراف کرتے تو یقینا ان کے لئے قابل قبول ہوجاتے جن کا خون بھٹو کا نام سن کر کھولتا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو بخوبی علم ہے کہ انہیں سیاست میں دو چیزیں ورثے میں ملی ہیں۔ ایک بھٹو سے والہانہ عقیدت رکھنے والوں کی حمایت اور محبت دوسری بھٹو کو ناپسند کرنے والوں کی نفرت۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ لوگ بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مفروضوں میں پناہ تلاش کرتے ہوئے کہتے ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ بلاول بھٹو اپنے نانا اور والدہ کی سیاست کرتے ہیں یا اپنے والد کی۔ اس طرح کے مفروضے منافقت کے زمرے میں آتےہیں۔
سوال یہ ہے کہ آصف علی زرداری نے آخر کیا غلطی کی کہ انہیں بھٹو کی سیاست سے دوری کا طعنہ دیا جائے۔ ہاں انہوں نے مفاہمت اور برداشت کی بات کی۔ تاریخ گواہ ہے کہ قائد عوام بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد جمہوریت کی خاطر مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے 70کلفٹن میں ان سیاستدانوں کا بھی استقبال کیا جو زندگی بھر بھٹو کے مخالف رہے۔ ہاں آصف علی زرداری میثاق جمہوریت پر ثابت قدم رہے کیونکہ میثاق جمہوریت پر محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے دستخط کئے تھے۔اب آتے ہیں بحیثیت صدر کس مقام پرقائد عوام بھٹو کے فلسفے اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کو بھولے؟ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے زندگی بھر 1973ء کے آئین کی بحالی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے جدوجہد کی تھی۔یہ آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت اور قائدانہ صلاحیت تھی کہ پارلیمنٹ میں فیصلہ کن اکثریت نہ ہونے کے باوجود آئین شکن مشرف کو ایوان صدر چھوڑنے پر مجبور کیا اور پھر 1973ء کے آئین کو اصل شکل میں بحال کرکے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کی۔اس طرح پارلیمنٹ کو بااختیار بنانا بھی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا صدرآصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے وہ اختیارات جو آمروں نے غصب کئے تھے پارلیمنٹ کو واپس دئیے۔ آصف علی زرداری کو یاد تھا کہ ان کے قائد بھٹو نے صوبوں کو خودمختاری دینے کا وعدہ کیا تھا۔ دنیا نے دیکھا آصف علی زرداری نے صوبوں کو خودمختاری دی۔
محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے عہد کیا تھا کہ وہ ان شدت پسندوں جنہوں نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کرکے سوات سے قومی پرچم اتار دیا تھا کو شکست دے کر دوبارہ قومی پرچم سربلند کریں گی۔ آصف علی زرداری نے سوات میں دوبارہ قومی پرچم سربلند کرکے شہید بی بی کے عہد کی تکمیل کی۔ گلگت بلتستان کے عوام کو اپنا صوبہ دینے کا وعدہ محترمہ شہید کا تھا۔ آصف علی زرداری نے وہ وعدہ بھی پورا کیا۔ اگر آصف علی زرداری کے مخالفین، بغض اور تعصب کی عینک اتار کر دیکھیں تو انہیں صاف نظر آئے گا کہ آصف علی زرداری بھی اپنے قائد بھٹو شہید، محترمہ بی بی شہید کی طرح سچے قوم پرست پاکستانی ہیں۔ اگر گوادرمنصوبے کا کنٹریکٹ سنگاپور سے واپس لے کر اسے چین کو نہ دیا جاتا تو آج راہداری کا کوئی وجود نہ ہوتا؟ پاک ایران گیس پائپ لائن ان کا کارنامہ تھا۔ موجودہ حکومت نے اس منصوبے کو پس پشت ڈال دیا ہے۔
دراصل بلاول بھٹو کا ذہن صاف ہے۔ انہوں نے اپنی سیاست کا تعین کر لیا ہے وہ بخوبی جانتے ہیں کہ ان کے نانا اور والدہ کی ترجیحات کیا تھیں جن کی بنیاد پر انہیں راستے ہٹایا گیا۔بلاول بھٹو کو علم ہے کہ ان کے نانا اپنے ملک کے عوام سے عشق کرتے تھے۔ یہ بھی جانتے ہیں کہ 18اکتوبر ان کی عظیم ماں کی حفاظت کرتے ہوئے ڈھال بن کر جانیں قربان کرنے والوں کے پائوں میں ربڑ کی چپلیں تھیں۔ بلاول بھٹو جانتے ہیں کہ موجودہ پاکستان کی دوبارہ تعمیر ان کے نانا شہید نے کی تھی اور والدہ شہید بی بی وفاق کی زنجیر ہیں اسلئے وطن کی سلامتی کیلئے کردار ادا کرنا ان پر لازم ہے۔ بلاول بھٹو جانتے ہیں کہ ان کی والدہ نے کس سوچ کی مزاحمت کی تھی جس کی وجہ سے انہیں 27 دسمبر 2007ء کو شہید کیا گیا۔
یہی وجہ ہے کہ 29دسمبر 2007ء کو جمہوریت بہترین انتقام کی بات کرکے ان عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا جو پاکستان کے ٹوٹنے کے ناپاک خواب دیکھ رہے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی عظیم ماں کے سوئم کے موقع پر یہ بات کرکے یہ بتا دیا تھا کہ میری ماں شہادت سے پہلے سکھا گئی ہے کہ مجھے کیا کرنا ہے۔ گزشتہ سال پنجاب کے شہر چنیوٹ میں جس انداز سے پانی سے گزر کر سیلاب کے متاثرین کے پاس پہنچے تھے، یہ اس بات کا ناقابل تردید ثبوت ہے کہ وہ بھی اپنے نانا کی طرح اس ملک کے عوام سے عشق کرتے ہیں۔ ان کے نانا نے فرمایا تھا کہ جس گھر کی چھت بارش سے ٹپکتی ہومیں اس میں موجود ہوتا ہوں۔ دراصل بلاول بھٹو زرداری نوجوان نسل کی امید بن کر سامنے آرہے ہیں۔ ملک کو لاحق بیماریوں سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو کچلے ہوئے طبقات کی آواز بن کر سامنے آرہے ہیں جو محرومیوں اور ناانصافیوں کے شکار رہے ہیں۔ ان کا موقف بالکل واضح ہے کہ دہشت گرد صرف دہشت گرد ہوتاہے اس میں اچھائی تلاش کرنا بے کار ہے۔
بھٹو کے ناقدوں کو بقول شاعر یہ سمجھ لینا چاہئے کہ
یہ بازی خون کی بازی ہے، یہ بازی تم ہی ہارو گے
ہر گھر سے بھٹو نکلے گا، تم کتنے بھٹو مارو گے
.