• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Accused Of Receiving Illicit Payments Resigned Mayor Of Brussels

بیلجیئم اور یورپین دارالحکومت برسلز کے مئیر کو ان کی پارٹی کے لوگوں نے ناجائز رقوم کی وصولی کے الزام پر استعفیٰ دینے پر مجبور کر دیاجس کے بعد میئر وان مائیور مستعفی ہوگئے۔

اس حوالے سے دستیاب اطلاعات کے مطابق سوشلسٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے برسلز کے مئیرایوان مائیور پر بے گھروں کو نفع کے بغیر گھر کی سہولت فراہم کرنے کیلئے قائم ادارے کے اجلاسوں میں شرکت کیلئے رقوم کی وصولی کا الزام ہے۔

اس حوالے سے جب مزید تحقیقات کی گئیں تو معلوم ہوا کہ انہوں نے کئی ایسے اجلاسوں کیلئے بھی پیسے حاصل کئے جو سرے سے ہوئے ہی نہیں تھے۔

ان اطلاعات کے سامنے آنے پر ان کی اپنی پارٹی کے برسلز کے وزیر اعظم اور متحدہ حکومت میں شامل فلامش سوشلسٹ کولیشن پارٹنرز نے مطالبہ کیا تھا کہ وہ استعفے دیں، جس پر انہوں نے گزشتہ روز استعفے دے دیا۔

برسلز کی جوڈیشل اتھارٹیز نے سامو سوشل نامی اس ادارے کے بارے میں بھی تحقیقات شروع کردی ہیں جس سے سابق مئیر رقوم وصول کر تے رہے تھے۔

بعدازاں تمام پار ٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں فلپ کلوز کو برسلز کا نیا مئیر منتخب کر لیا گیا۔

یاد رہے کہ بیلجیئم کی سیاست میں مختلف لیڈرز پر یہ الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ عہدے پر منتخب ہو نے کے بعد کئی اداروں کے اجلاس میں شرکت کے نام پر رقوم لیتے ہیں۔

اسی حوالے سے سوشلسٹ پارٹی کے پاکستانی نژاد رکن عامر نعیم سمیت اس کے ینگ سوشلسٹ حصے نے یہ تحریک شروع کر رکھی ہے کہ سینئر سیاست دانوں کو اس عمل سے روکا جائے کیونکہ یہ بھی کرپشن کی ایک جدید شکل ہے کہ جس پوسٹ کیلئے وہ منتخب ہوکر اس کی تنخواہ وصول کرتے ہیں اس کے علاوہ دوسرے محکموں کے اجلاس میں شرکت پر وہاں سے بھی رقوم لیں۔

تازہ ترین