• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن لیڈرکی تبدیلی کیلئے70ارکان کی حمایت حاصل ہے،اعجازچوہدری

لاہور(فاخر ملک/ اکنامک رپورٹر) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے کیلئے  پاکستان تحریک انصاف کو ا یم کیو ایم ، جماعت اسلامی، مسلم لیگ ق اور آزاد امیدواروں سمیت دیگر پارٹیوں کے 70ارکان کی حمایت حاصل ہے،اس لیے اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔

یہ بات تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز چودھری نے گزشتہ روز جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ،اس سلسلہ میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیر مین شاہ محمود قریشی اور پی ٹی آ ئی کے رہنما طارق اسما عیل سے بھی فون پر رابطہ کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے فون نہیں اٹھایا  ۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے ایوان میں تحریک انصاف کی32،ایم کیو ایم کی 24جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی 47 سیٹیں ہیں۔

پیپلز پارٹی  کا دعویٰ ہے کہ انہیں عوامی نیشنل پارٹی اور بعض آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل ہے۔ اس ضمن میں پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی خواہش ضرور ہے لیکن اس کا ایک طریقہ کارموجود ہے جس پر عملدرآمد سےہی انہیں ہٹایا جا سکتا ہے۔پیپلز پارٹی کے اپوزیشن لیڈر کو اکثریت حا صل ہے اس لیے وہ خورشید شاہ کو اپوزیشن لیڈ رکی حیثیت سے نہیں ہٹا سکتے۔ انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم میں تقسیم موجود ہے تحریک انصاف کو اس کے تمام ووٹ نہیں ملیں گے ،جبکہ جماعت اسلامی، مسلم لیگ ق، فاٹا کے پانچ ارکان اور قومی وطن پارٹی کے تین ارکان بھی سید خورشید شاہ کی حمایت میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے پاس 49ووٹ ہیں تاہم فیصلہ اکثریت نے کرنا ہے اور اکثریت سید خورشید شاہ کے ساتھ ہے۔

تازہ ترین