برمنگھم( نمائندہ جنگ) کوئٹہ کے چرچ پر حملے کے خلاف خدمت اور متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے برٹش پاکستانی کمیونٹی نے تقریب کا اہتمام کیا۔ معروف کرسچن رہنما پاسٹر اجمل چغتائی کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں سٹیون انجم ، مسٹر سٹیون پیٹر،ڈیوڈ جونز، راجہ حق نواز جانباز، راجہ آیاز خان ایڈووکیٹ ، ملک فتح حسین، کونسلر شفیق شاہ، ملک حسین، افضال چغتائی سمیت کثیر تعداد میں کرسچن برادری نے شرکت کی۔ پاسٹر اجمل چغتائی نے کہا کہ چرچ حملہ پاکستان کی اقلیت پر نہیں بلکہ پاکستان کی سالمیت اوروحدت پرحملہ کیا گیا ہے، دہشت گرد کبھی بھی ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے، کرسچن برادری محب وطن پاکستان ہے، قیام پاکستان سے لے کر آج تک بھرپور انداز میں استحکام پاکستان اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کردار ادا کررہے ہیں۔ راجہ حق نوازجانباز، راجہ ایاز خان اورملک فتح نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے بعد ترقی و کامیابی کی منازل طے کررہا ہے لیکن پاکستان کے دشمن یہ برداشت نہیں کررہے ہیں۔ اقلیتوں پر حملے کرکے انہیں احساس محرومی کا شکار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور عقیدہ نہیں ہے، یہ طبقہ صرف دہشت گرد ہے۔دیگر کرسچن رہنمائوں نے کوئٹہ چرچ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں کرسچن برادری کو قانون کے مطابق تحفظ دیا جائے۔ اس موقع پر فیڈرل اوورسیز کمشنر زبیر گل کی جانب سے شکایات کے ازالے کیلئے قائم سیل میں برٹش پاکستانی اقلیتوں کی نمائندگی کیلئے پاسٹر اجمل چغتائی کو بطور ممبر تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن مسلم لیگی رہنمائوں نے اجمل چغتائی کو دیا۔