• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں مختلف مقامات پر سستے بازار بنا ئے جائینگے ،میئر کوئٹہ

کوئٹہ (آئی این پی ) میئرمیٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ ڈاکٹرکلیم اللہ کاکڑ نے کہاہے کہ کوئٹہ میں تھڑوں پر اور ریڑھیوں میں اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والوں کو متبادل روز گار کی فراہمی کیلئے شہر میں مختلف مقامات پر سستے بازار بنائے جائینگے جن میں سے ایک سریاب روڈ پر تکمیل کے مراحل میں ہے دکانوں اور دیگر کی تعمیر کاکام تیزی سے جاری ہے ۔ایک ماہ کے دوران بازارمیں دکانوں ،پبلک لیٹرینز اوردیگر تعمیرات کا عمل مکمل کرکے سستا بازار لگایاجائیگا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز سستا بازار کی زیر تعمیر دکانوں ودیگر کے معائنے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کیا۔ اس موقع پر میئرکوئٹہ کے ہمراہ علاقہ کونسلر مجیب لہڑی ،علاقہ معتبرین ثناء اللہ لہڑی ،صالح لہڑی ،شیر احمد،اعجاز لہڑی ،امیر بخش لہڑی ،قاسم لہڑی ،عبدالغنی ودیگر موجود تھے ۔ڈاکٹرکلیم اللہ کاکہناتھا کہ ہمیں عوام کو درپیش مشکلات ومسائل کا بخوبی اندازہ ہے نہ صرف صفائی کے نظام میں بہتری لانے کیلئے بھرپور کوششیں جارہی ہیں بلکہ بلڈنگ کوڈ پرعملدرآمد کو بھی ممکن بنایاجارہاہے ،انہوں نے کہاکہ شہر میں فٹ پاتھوں پر خرید وفروخت اور ریڑھیوں کی وجہ سے ٹریفک مسائل بڑھ رہے ہیں بلکہ عوام کو بھی گزرنے میں دکت پیش آتی ہے اس لئے ہم نے فٹ پاتھوں اور ریڑھیوں میں اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والوں کیلئے روزگار کے متبادل کے طور پر سستا بازار بنانے شروع کئے ہیں ،اس سے نہ صرف ٹریفک کامسئلہ حل ہوگا بلکہ لوگوں کو باعزت روزگار بھی میسر آئے گا۔
تازہ ترین