• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زینب قتل کیس میں پنجاب پولیس کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے، راجہ گلتاسب

برمنگھم( آصف محمود براہٹلوی) قصور کی بے قصور زینب کے قتل کو کئی روز گزر گئے لیکن کوئی گرفتار نہ ہوسکا البتہ مجرموں کی گرفتاری کیلئے پُرامن مظاہرہ کرکے مجرم کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے والے بے گناہ گرفتار ہوگئے اور دو افراد پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔ پنجاب پولیس ، تفتیشی اداروں کی کارکردگی ابھی تک سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف کاروباری وسماجی شخصیت الحاج راجہ گلتاسب خان، جامعہ مسجد ہارونیہ کے وائس چیئرمین الحاج راجہ جاوید اقبال انکروی، مولانا طارق مسعود اور سابق ایڈمنسٹریٹر کوٹلی چوہدری الیاس نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ الحاج راجہ گلتاسب خان نے کہا کہ پوری پنجاب پولیس اور دیگر اعلیٰ ادارے زینب کیس میں کئی روز سے ایڑی چوٹی کا زور لگاچکے ہیں لیکن کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، پولیس کو تفتیش کے طریقہ کار میں تبدیلی کرکے حتمی نتائج تک پہنچنا ہوگا، اس واقعہ سے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔ سابق ایڈمنسٹریٹر کوٹلی چوہدری الیاس نے کہا کہ خادم اعلیٰ کیلئے یہ ایک ٹیسٹ کیس ہے، لا اینڈ آرڈر کےدعوے کہاں گئے، پاکستان سمیت بیرون ملک آباد پاکستانی اس کیس کے حوالے سے خاصے پریشان اور گہری تشویش میں مبتلا ہیں۔ مولانا طارق مسعود نے کہا کہ اس کیس کو انسانی ہمدردی کے تحت دیکھا جائے اس پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہر گز نہ کی جائے۔ہارونیہ مسجد کمیٹی کے قائم مقام چیئرمین الحاج راجہ جاوید اقبال نے کہا کہ مجرم کو جتنا جلدی ممکن ہو گرفتار کرکے نشان عبرت بنایاجائے لیکن اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی حفاظت اور جنسی جرائم کے خاتمے کیلئے کمیونٹی کے اندر اجتماعی شعور بیدار کرنا ہوگا۔
تازہ ترین