• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تنظیمی بحران برقرار،فاروق ستار کو منانے کی کوششیں جاری

Bids To Persuade Farooq Sattar Underway

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں اختلافات ختم نہ ہوسکے،سینیٹ الیکشن کے ٹکٹ کے معاملے پر شروع ہونے والا تنظیمی بحران بدستور برقرارہے،رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو منانے کے لئے 3رکنی وفد ایک بار پھر پی آئی بی بھیج دیا ۔

کئی روز سے کروٹیں بدلتا اونٹ آخر کس کروٹ بیٹھے گا؟سب کو انتظار ہے ،رابطہ کمیٹی کے رکن فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ تنظیم کو بحران سے نکالنے کی ذمہ داری رابطہ کمیٹی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک طرف روف صدیقی،ریحان ہاشمی اور جاوید حنیف پر مشتمل رابطہ کمیٹی کا وفد پارٹی سربراہ کی پی آئی بی میں واقع رہائشگاہ پہنچ گیا ہے ،دوسری طرف فاروق ستار کی سربراہی میں اجلاس جاری ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو قائم رکھنے کے لیے اصولوں پر چلنا ہو گا، تنظیم کو بحران سے نکالنے کی ذمہ داری رابطہ کمیٹی کی ہے۔

فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمت ہاری نہیں اور ہم تقسیم کے خلاف ہیں، کل سے فاروق ستار کا انتظار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو جتنا ذمہ دار ہے اس پر اتنی بڑی زمہ داری ہے، یہاں کوئی کسی کو توڑ نہیں رہا، ہمیں توڑنے والوں کے ساتھ نہیں جوڑنے والوں کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کوئی اتنی بڑی چیزنہیں ہے لیکن چاہتے ہیں کبھی بھی تقسیم کا پہلو سامنے نہ آئے۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ تنظیم میں پیسے کی بنیاد پر کسی کا اثر و رسوخ نہیں چلے گا، تنظیم میں اقراباء پروری کو فروغ نہیں دینا چاہیے اور نا ہی پسند ناپسند کو فروغ دینا چاہیے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ فاروق ستار نے کل ایم کیو ایم کا جنرل ورکرز اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جنرل ورکرز اجلاس کل دوپہر 3 بجے پی آئی بی کے ایم سی گراؤنڈ میں ہو گا، جس میں فاروق ستار کارکنان سے رائے لیں گے اور اہم فیصلے کریں گے۔

تازہ ترین