کراچی (افضل ندیم ڈوگر) ماڈل کالونی میں مارکیٹ کی 9 دکانیں لوٹنے کی واردات کو 3 گزرنے کے باوجود پولیس نے ’’تالا توڑ گروہ‘‘ کیخلاف مقدمہ درج نہیں کیا، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے باوجود پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کی بجائے دکانداروں کو ہراساں کر رہی ہے۔ ماڈل کالونی کی انارکلی مارکیٹ میں اتوار کو صبح سویرے تالا توڑ گروہ نے واردات کی تھی۔ ملزمان گارمنٹس کپڑے اور ٹیلرز کی 9 دکانوں سے نقد رقم، کپڑے اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، دکانداروں کو سیکورٹی انتظامات نہ کرنے پر ایس ایج او نے تنبیہ کی اور آئندہ چوکیدار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے دکانداروں کو تھانے آکر رپورٹ درج کرانے کا کہہ کر پولیس چلی گئی تھی۔ تاجروں کے مطابق ایک دوکاندار چوہدری فیض کی دکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں نے ایک واردات کی ریکارڈنگ کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دبلےپتلے دو ملزمان صبح پانچ بجے دکان کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوتے ہیں اور چار منٹ میں اس دکان میں واردات کرکے دوسری دکانوں کی طرف چلے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق دکانداروں نے رپورٹ درج کرادی ہے تاہم مقدمہ درج نہیں کرایا گیا جبکہ دکانداروں کے مطابق پولیس کی جانب سے تعاون نہیں کیا جا رہا اور پولیس کہتی ہے کہ ملزمان کو تلاش یا شناخت کرکے نامزد مقدمہ درج کرایا جائے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی تلاش کا کام جاری ہے۔ علاقے میں اس نوعیت کی اکثر وارداتیں ہو رہی ہیں۔ تاہم پولیس مقدمات درج نہیں کرتی جس کی بنا پر یہ وارداتیں پولیس کے ریکارڈ پر نہیں آرہیں۔