• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈمنسٹریٹر پی ایف ایف کا قبضہ دینے سے گریزاں ہیں، خادم علی شاہ

Administrator Of Pff Not Ready To Give Control Of Footbal Federation Khadim Ali Shah

لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کے واضح احکامات کے باوجودفٹبال فیڈریشن کا کنٹرول فیڈریشن کے منتخب نمائندوں کے حوالے نہیں کیا جارہا ہے۔ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ نے نے سنگل بنچ کا 30 جون2015 کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے فیصل صالح حیات گروپ کو پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کا چارج سنبھالنے کا حکم دیا تھا۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید خادم علی شاہ نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ صدر فیڈریشن سید فیصل صالح حیات کے کہنے کے مطابق عدالتی حکم پر لاہور کے پی ایف ایف فٹ بال ہائوس پر قبضہ لینے کیلئے ایڈمنسٹریٹر پی ایف ایف کے پاس میڈیا کی موجودگی میں گیا لیکن ہمارے وہاں پہنچنے سے قبل ہی ایڈمسٹریٹر فٹ بال ہائوس کو تالے لگا کر عملے سمیت وہاں سے چلے گئے۔

عدالتی حکم پر انہوں نے فٹ بال ہائوس کا قبضہ دینے کیلئے دوپہر بارہ بجے بلایا تھا لیکن ایڈمنسٹریٹر کے اس طرز عمل پر یہی کہا جاسکتا ہے کہ انہوں عدالتی فیصلے کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر خود بھی قانون دان رہ چکے ہیں، انہیں عدالتی حکم کی پاسداری کرنی چاہئے لیکن وہ بھی پارٹی بن گئے ہیں۔

میری قبضہ مافیا سے درخواست ہے کہ پاکستان سے فٹ بال کا کھیل ختم نہ کیا جائے۔ ملک کے نوجوان فٹ بال سے محبت کرتے ہیں انہیں عالمی سطح پر نمائندگی کرنے سے نہ روکا جائے۔ عالمی رینکنگ میں بھی ہم بہت پیچھے چلے گئے ہیں۔

دریں اثنا پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ واضح عدالتی احکامات کی روشنی میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا کنٹرول جلد واپس لینے کے لئے ہر قانونی راستہ اختیار کریں گے تاکہ پاکستان میں فوری طور پر فٹ بال کی سرگرمیاں بحال کی جا سکیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پی ایف ایف کے معاملات منتخب باڈی کے حوالے ہوتے ہی فیفا کی جانب سے عائد کی جانے والی معطلی کو ختم کرنے کے اقدامات کا آغاز ہو جائے گا۔

تازہ ترین