• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی عمدہ بولنگ، اسلام آباد 134تک محدود

شارجہ(نمائندہ خصوصی) پاکستان سپرلیگ میں شارجہ میں بدھ کی شب ہونے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں سات وکٹ پر 134 رنز بنائے۔ بدھ کی شب فہیم اشرف نے13 گیندوں پر 21 رنز بناکر اسلام آباد کو بہتر اسکور بنانے میں مدد دی۔ اختتامی اوورز میں جب تیزی سے رنز بنانے کی ضرورت تھی کوئٹہ کے بولروں نے بیٹسمینوں کو دبائو میں رکھا۔ راحت علی نے چار اوورز میں 18رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔19 ویں اوور میں شین واٹسن کی بولنگ پر فہیم اشرف نے دو چھکوں کی مدد سے18 رنز اسکور کئے۔ لیوک رونکی خطرنا ک انداز میں بیٹنگ کررہے تھے۔ رونکی نے ہیسٹنگز کے ایک اوور میں24رنز بنائے۔انہیں حسان خان نے آئوٹ کیا۔ انہوں نے26 گیندوں پر43 رنز سات چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے ۔ اسی اوور میں امپائر نے مصباح الحق کو بھی ایل بی ڈبلیو آئوٹ دے دیا لیکن ریویو پر وہ بچ گئے۔ مصباح الحق نے25گیندوں پر22 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔ پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین چیڈوک والٹن تھے جو انور علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ آصف علی کو راحت علی نے کلین بولڈ کیا ۔ دس اوورز میں اسکور تین وکٹ پر 70 رنز تھا۔ڈومینی نے26 گیندوں پر14 رنز بنائے۔ قبل ازیںکوئٹہ نےٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں دوتبدیلیاں کی گئی ہیں، جان ہسٹنگز اور محمود اللہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ جوفرا آرچر اور رائلی روسو پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں۔ گذشتہ دو میچوں میں انجری کے باعث عدم شرکت کے بعد مصباح الحق نے اسلام آباد کی قیادت کی۔
تازہ ترین