اسرائیلی فوج نے ایران کے دارالحکومت تہران پر حملے شروع کردیے۔
اسرائیلی فوج نے ایران کے دارالحکومت تہران پر نئے حملے شروع کردیے، ایران کے سرکاری ٹی وی چینل پر بھی میزائل داغ دیا۔ براہ راست نشریات کے دوران ٹی وی چینل کی خاتون اینکر سحر امامی سیٹ چھوڑ کر اٹھ گئیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پانچ منٹ کے بعد خاتون اینکر سحر امامی نے جو دو بچوں کی ماں ہیں، دوبارہ اسکرین پر آکر نشریات شروع کر دیں۔
اس حملے کے بعد ایرانی ٹی وی چینل نے عبرانی زبان میں اسرائیلی ٹی وی چینلز کے لیے وارننگ جاری کردی، اور لکھا کہ اسرائیلی ٹی وی چینلز خالی کر دیے جائیں۔
اسرائیلی وزارت دفاع نے ایرانی ٹی وی پر حملے کی ذمے داری قبول کرلی۔
سوشل میڈیا پر بیان میں وزارت دفاع نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے ایرانی حکومت کے پروپیگنڈے کے مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی ٹی وی نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران اسرائیل پر تاریخ کے سب سے بڑے اور شدید میزائل حملے کی تیاری کر رہا ہے، ایران کی آواز بزدلانہ حملوں سے دبائی نہیں جا سکتی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے حیفا ریفائنری پر ایرانی حملے میں 3 ہلاکتوں کا اعلان کردیا، ایران نے اتوار کے روز حیفا کی تیل ریفائنری کو میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ وہ تہران میں بڑی کارروائی کرنے جارہے ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے جنگی طیاروں کا تہران کی فضاؤں پر راج ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل تہران میں 2 اہم اہداف کا خاتمہ کرنے جارہا ہے، ہماری کارروائی بڑی ہوگی۔