• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آیت اللّٰہ خامنہ ای کو قتل کرنے کا ارادہ ہے؟ آسٹریلوی ٹی وی کا نیتن یاہو سے سوال

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایرانی سپریم کمانڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای پر حملے کرنے کا اشارہ دے دیا۔

آسٹریلوی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ خامنہ ای کا خاتمہ جنگ کو بڑھاوا نہیں دے گا، اُن کا خاتمہ جنگ بند ہونے میں مدد دے گا۔

آسٹریلوی ٹی وی نے نیتن یاہو سے سوال کیا کہ کیا آیت اللّٰہ خامنہ ای کو قتل کرنے کا ارادہ ہے، جس کے جواب میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ جو ضروری ہوگا وہ کریں گے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے ایران پر تازہ حملے شروع کردیے ہیں، تہران میں سرکاری ٹی وی کی عمارت کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ  ایران کے شہر کرمانشاہ میں فارابی اسپتال پر بھی اسرائیلی فوج نے حملہ کیا۔

اسرائیلی فوج نے پاسداران انقلاب گارڈز کے انٹیلیجنس سربراہ سمیت 4 عہدیداروں کے قتل کا دعویٰ کیا، 4 روز کے دوران اسرائیلی حملوں میں 224 افراد شہید ہوئے۔

ترجمان اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیل نے رات بھر میں ایران میں 20 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا، نشانہ بنائے گئے اہداف میں جوہری پروگرام کے صدر دفاتر شامل تھے، ایرانی جوہری خطرے اور میزائل پروگرام کو نشانہ بنانے کا کام جاری رہے گا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے تہران میں شہریوں کو گھر خالی کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ تہران کے شہریوں کو آمریت کی قیمت چکانی پڑے گی، تہران والوں کو وہاں سے گھر خالی کرنا ہوں گے، جہاں حکومتی اہداف پر حملہ ضروری ہوگا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید