• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا، شہباز شریف

ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا، شہباز شریف

وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر ان کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوئی تو ہمیشہ کے لیے سیاست چھوڑ دیں گے۔

انہوں نے ملتان میٹرو میں عمران خان کے کرپشن کے الزامات پر چیف جسٹس پاکستان سے فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس ملتان میٹرو پر 17 ججز کا فل کورٹ بنالیں ، ہر چیز چیک کرلیں۔

شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان جھوٹے ثابت ہوں تو ان کے لیے سزا قوم تجویز کرے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک بلین درختوں کا منصوبہ جھوٹا ثابت ہوگیا، یہ بات بھی ثابت ہوگئی کہ آپ ایک ارب جھوٹ بولتےہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ زرداری اور نیازی نے گٹھ جوڑ کرلیا ہے،دونوں کا کام بے بنیاد الزامات لگانا ہے، اگلے الیکشن میں ن لیگ مخالفین کا صفایا کردے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگلے انتخابات میں مسلم لیگ ن تمام سیاسی مخالفین کا صفایا کردے گی، آنے والے دنوں میں فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کو نظر انداز کیا ، میں جنوبی پنجاب کو لاہور کے برابر لاکر رہوں گا ، ڈیرہ غازی خان میں گزشتہ 9 سال میں 47 ارب کے منصوبوں پر سرمایا کاری کی ، مخالفین ڈیرہ غازی خان میں آکر دیکھیں، دانش اسکول، میڈیکل کالج، شاندار اسپتال بنے ہیں ،آپ نے اپنے صوبے میں کیا کیا، نہ سڑک، نہ پل، نہ اسپتال بنایا ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نیازی صاحب زرداری کو کہتے ہیں سندھ میں جو مرضی کرتے رہو ، تمہارا نام نہ لوں گا ، دونوں نے مل کر پنجاب پر بے بنیاد الزامات لگانے ہیں، ان الزامات کا عوام تین ماہ بعد اپنے ووٹ سے جواب دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ خان صاحب دن رات، دباکر جھوٹ بولتےہیں ، ایک بلین درختوں کامنصوبہ جھوٹا ثابت ہوگیا ، یہ بات بھی ثابت ہوگئی کہ آپ ایک ارب جھوٹ بولتےہیں ۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ میں صبح چھ سے رات بارہ بجے تک پنجاب کے عوام کی خدمت کرتاہوں ، میں چیف جسٹس کو خط بھیجوں گا کہ ملتان میٹرو کے حوالے سے میری ذات پر الزام لگائے گئے ہیں ،عدالت کوخط لکھوں گا کہ ملتان میٹرو پر عمران کے الزامات پر فل کورٹ بنادیں ، نیب نے پہلے ہی ملتان میٹرو کا کیس اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں نے ملتان میٹرو میں ایک دھیلے کی کرپشن کی تو نیب قوم کے سامنے لے آئے ، میں معافی مانگ لوں گا ، اگر آپ جھوٹے ثابت ہوئے تو کسی درگاہ میں جاکر بیٹھیں اور چلہ کاٹیں، سیاست آپ کا کام نہیں ۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ عدلیہ پارلیمان اور افواج پاکستان کو کہتاہوں کہ خدارا آئیں اور مل بیٹھیں، یہ بڑی دکھی قوم ہے، مردم شماری میں آبادی 22 کروڑ ہوگئی ہے ۔

شہباز شریف کہتے ہیں کہ سیاسی مخالفین کو بتانا چاہتاہوں کہ خدارا ہوش کے ناخن لو،خان صاحب! بتاؤ آپ کی پیدا کردہ بجلی کہاں ہے؟ آسمان میں ہے ؟زمین پر ہے؟ چاند پر ہے یا مریخ پر؟

انہوں نے مزید کہا کہ جو راستہ کھوٹا کرنے والے ہیں قوم کو ان کا محاسبہ کرنا ہوگا، انہوں نے کراچی کو کچرا شہر بنادیا ، کے پی کے میں میٹرو بس کے نام پر پشاور کو اکھاڑ دیا ۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ اگلے الیکشن میں آپ نے ن لیگ کو ووٹ دیا تو پنجاب ہی نہیں، پاکستان کے ہر شہر کو لاہور بنادیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج بنانے اور چوٹی زیریں میں تحصیل ہیڈکوارٹرز کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

تازہ ترین