• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی بندرگاہ پرحادثہ، 2 مال بردار جہاز ٹکراگئے

کراچی پورٹ پرحادثہ، 2 جہاز ٹکرا گئے

کراچی کی بندرگاہ پر 2جہاز آپس میں ٹکراگئے، تصادم کے باعث کروڑوں روپے کے سامان سے لدے ایک درجن کےقریب کنٹینرز سمندر میں گرگئےجبکہ فوری کارروائی کے بعد کرینوں کو نقصان سے بچالیاگیا۔

دو بحری جہازوں کے آپس میں ٹکرانے کے بعد کراچی کی بندرگاہ پر جہازوں کی آمدورفت روک دی گئی ہےجبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کنٹینرز نکالنے کے بعد ہی بندرگاہ پر جہازوں کی آمد ورفت بحال کی جاسکے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کنٹینرز سے لدا، ہیگ لائیڈ نامی جہاز لنگر انداز ہونے کے لیے برتھ پر آیا تو وہاں پہلے سے موجود دوسرے جہاز سے ٹکراگیا، تصادم کے نتیجے میں ہیپگ لائیڈ پر پاکستان میں امپورٹ کیے گئے 10 سے 12 کنٹینرز سمندر میں گر گئے جبکہ ٹرمینل کی دیوہیکل کرینوں کو نقصان سے بچا لیا گیا۔


دوسری جانب کراچی بندرگاہ کے حکام حادثے کا جائزہ لینے کے لیے نجی ٹرمینل پہنچ گئے، جہاں وہ برتھوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔

نجی ٹرمینل انتظامیہ کے مطابق حادثے کے سبب کچھ کنٹینرز کو نقصان ہوا اور ان کے مالکان سے رابطہ قائم کیا جا رہا ہے۔

ادھر پورٹ ذرائع کے مطابق پانی چڑھنے پر سمندر سے کنٹینرز نکالنے کا کام ہوگا، جس کے بعد ساؤتھ ایشیا پورٹ ٹرمینل پر جہازوں کی دوبارہ آمد ورفت شروع ہو گی جبکہ سمندر میں گرنے والے کنٹینرز میں کاروں سمیت کروڑوں روپے کا سامان موجود ہے۔

کراچی پورٹ پر جہازوں کے ٹکرانے کے واقعے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جہاز کو کنٹرول کرنے والی طاقتور کشتیوں ’ٹگس‘ کی فٹنس چیک ہوگی۔

تازہ ترین