• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد، پانی کی قلت سے شہری پریشان، واسا نے اپنی نااہلی کا ملبہ محکمہ ایریگیشن اورحیسکو پر ڈال دیا

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) کوہسار سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت، واسا نے اپنی نا اہلی کا ملبہ محکمہ ایریگیشن اور حیسکو پر ڈال دیا۔ ترجمان کے مطابق محکمہ ایریگیشن کی جانب سے سکھر بیراج سے پانی کی فراہمی میں کمی اور حیسکو کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو پانی کی سپلائی ایک طرح سے تقریبا معطل ہوکر رہ گئ، حیدرآباد کے علاقے کوہسار میں پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی، محکمہ واسا نے کئی روز سے کوہسار کو پانی فراہم نہیں کیا، پانی کی بندش کی وجہ سے علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے، ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی، شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبورہیں۔ تفصیلات کے مطابق واسا کی نااہلی کے باعث شہری گذشتہ کئی سال سے پانی کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں، واسا کی اپنی آمدنی اور حکومتی سبسڈی اربوں روپے سالانہ ہونے کے باوجود ادارہ شہریوں کو صاف پانی اور نکاسی آب کی سروسز فراہم کرنے سے قاصر ہے اور اکثر اپنی نااہلی کا ملبہ دوسرے اداروں پر ڈال دیتا ہے.حیدرآباد کے علاقے کوہسار میں گذشتہ کئی روز سے پانی کی سپلائی بند ہے جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، شدید گرمی میں پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں، پانی کی قلت کے باعث ٹینکر مافیا من مانی پر اتر آئی ہے اور پانی مہنگے داموں فروخت کیا جارہا ہے، مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ واسا کی جانب سے کوہسار کو پانی کی سپلائی گذشتہ 20 روز سے معطل ہے جس کی وجہ سے اُنہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، متعدد بار درخواستیں بھی دی گئیں لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ واسا نے گلشن سرمست میں غیر قانونی ہائیڈرنٹ بنایا ہے جس سے پانی فراہم کیا جارہا ہے تاکہ کوہسار کے مکین مہنگے داموں پانی خریدیں اور اگر کوئی اس حوالے سے احتجاج کرتا ہے تو اُسے غنڈہ عناصر کے ذریعے ہراساں کیا جاتا ہے۔واسا ترجمان کے مطابق ایم ڈی واسا نے کمشنر حیدرآباد کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں محکمہ ایریگیشن کی جانب سے سکھر بیراج سے پانی کی فراہمی میں کمی کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے، ترجمان کے مطابق محکمہ ایریگیشن کی جانب سے سکھر بیراج سے پانی کی فراہمی میں کمی اور حیسکو کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو پانی کی سپلائی ایک طرح سے تقریبا معطل ہوکر رہ گئی ہے، انہوں نے پانی کی قلت پر احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ واسا تنصیبات اور ورکرز کو تحفظ فراہم کرے۔
تازہ ترین