• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شناختی کارڈکے حصول کیلئے نادرا کا عملہ شہریوں کو پریشان کررہا ہے، متحدہ

شناختی کارڈکے حصول کیلئے نادرا کا عملہ شہریوں کو پریشان کررہا ہے، متحدہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے کراچی میں نادرا دفاتر میں شہریوں کیلئے ناقص انتظامات اور نادرا عملے کی جانب سے ڈیٹا ہونے کے باوجود شہریوں کو بلاوجہ پریشانیوں اور مشکلات سے دوچار کرنے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ شناختی کارڈ بنوانے اور اس کے حصول کیلئے کراچی کے عوام کے ساتھ منظم طریقہ سے ناانصافی کی جارہی ہے اور انہیں قومی شناخت سے محروم رکھنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں، اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ کراچی میں اورنگی ٹائون نارتھ ناظم آباد،لانڈھی ،کورنگی،شاہ فیصل کالونی اور گلستان جوہر کے نادرا دفاتر میں شہریوں کو گھنٹوں گھنٹوں دھوپ میں کھڑا رہنا پڑتا ہے اور بھوکے پیاسے شہری جب آخری مراحل میں پہنچتے ہیں تو انہیں مختلف بہانے تراش کر واپس کردیاجاتا ہے، انہوں نے کہاکہ کراچی میں شناختی کارڈکے حصول کیلئے شہریوں کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی کا عمل قومی سطح کا معاملہ ہے اور اسے سنجیدگی سے لینے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول کیلئے دشواریوں کا خاتمہ کرنا ناگزیر ہوچکا ہے، انہوں نے کہاکہ شناختی کارڈ نہ ہونے اور معیاد پوری ہونے پر نئے شناختی کارڈ کے حصول کیلئے شہریوں کو تمام جدید وسائل اور ٹیکنالوجی ہونے کے باوجود بلاجواز تنگ کرنا کھلی ناانصافی ہے اور شہریوں کی حب لوطنی کو شک و شہبات سے دیکھنے کے مترادف ہے۔

تازہ ترین