• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونیورسٹیز ترمیمی بل تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا،نعیم الرحمٰن

یونیورسٹیز ترمیمی بل تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا،نعیم الرحمٰن

کراچی(اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ یونیورسٹیز ترمیمی بل کی منظوری یونیورسٹیز میں جاری تعلیمی عمل کی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے، بل کے خلاف جماعت اسلامی کی ’’تعلیم بچائو ،یونیورسٹی بچائو ‘‘ مہم کے سلسلے میں پیر 26مارچ کو کراچی پریس کلب پر احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا جبکہ مہم کے سلسلے میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں ،صحافیوں ،پروفیسرز ،اساتذہ کرام اور دیگر با اثر شخصیات سے ملاقاتیں کی جائیں گی اور 8اپریل کو ایکسپو سینٹر میں کنونشن بھی منعقد کیا جائے گا اور ہر سطح پر اس کے خلاف بھر پور آواز بلند کی جائے گی،ہم اس فیصلے کے خلاف عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے اور تمام تعلیم دوست عناصر کو ساتھ ملا کر اس کے خلاف تاریخی جدو جہد کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یونیورسٹیز ترمیمی بل کے خلاف گورنر سندھ سے بھی ملاقات کی ہے اور ان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بل پر دستخط نہ کریں،اگر اس فیصلے کو قبول کر لیا گیا تو نا قابل تلافی نقصانات ہوں گے۔

تازہ ترین