• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بالی وڈ کے کرشماتی خانز

گزشتہ تین دہائیوں سے بالی ووڈ پر تین اداکاروں کا راج ہے اور کیا عجب اتفاق ہے کہ تینوں اداکاروں میں ایک بات قدرے مشترک ہے، اور وہ ہے ان کا سرنیم ’’خان‘‘۔عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان۔ تینوں خان، بالی ووڈ سنیما کی کائنات کے تین سب سے روشن اور سب سے بڑے ستارے ہیں۔ بالی ووڈ کی دنیا بھر میں10آل ٹائم سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلموں میں نو فلمیں سلمان، عامر اور شاہ رخ خان کی ہیں۔

سلمان خان

’’دبنگ(سلمان) خان‘‘ نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز1988میں فلم ’’بیوی ہو تو ایسی‘‘ سے کیا تاہم ان کو پہلی کامیابی 1989 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’میں نے پیار کیا‘‘ سے ملی ۔ بالی ووڈ کے دبنگ خان نے اپنے فلمی کیریئرمیں کئی عروج زوال دیکھے اورایک وقت ایسا بھی آیا تھاکہ بالی ووڈ میں ان کی پہچان کم ہونے لگی تھی۔ 

تاہم اگست 2003 میں ریلیزہونے والی فلم ’’تیرے نام ‘‘کی کامیابی سے واپس انڈسٹری میں قدم جمانے والے سلمان خان نے اس کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور ایک کے بعدایک بلاک بسٹر فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں۔ ’’دبنگ‘‘،’’وانٹڈ‘‘،’’باڈی گارڈ‘‘ ،’’پارٹنر‘ اور’’ کک ‘‘ نے دنیا بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔’’ایک تھا ٹائگر‘‘، ’’بجرنگی بھائی جان‘‘، ’’سلطان‘‘ اور ’’ٹائگرزندہ ہے‘‘ کی ریکارڈ سازکامیابیوں نے آج سلمان خان کو بالی ووڈ کا سب سے بڑا سپراسٹار بنا دیا ہے۔ 

گزشتہ 10سال میں سلمان کی ایک بھی ایسی فلم نہیں رہی، جس نے کم از کم 100کروڑ کا بزنس نہ کیا ہو۔ سلمان فلم کا معاوضہ نہیں لیتے۔ تاہم فلم کے سیٹلائٹ رائٹس کے علاوہ، باکس آفس منافع میں بھی اپنا حصہ رکھتے ہیں۔ اندازہ ہے کہ ایک 300کروڑ فلم میں سلمان خان کا حصہ کم از کم 100کروڑ روپے ہوتا ہے۔ 

خبروں کے مطابق آنے والی فلم ’’ریس تھری‘‘ کے سیٹلائٹ رائٹس 140کروڑ روپے میں فروخت کیے جارہے ہیں، جو سیدھے سلمان کی جیب میں جائیں گے۔ فلم کی باکس آفس آمدنی کا حصہ اس کے علاوہ ہوگا۔

عامر خان

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کو فلمی دنیا میں کامیابی ان کے کزن منصور خان کی فلم’’ قیامت سے قیامت تک‘‘سے ملی جو کہ 1988ء میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں انہیں بہترین ڈیبیو اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔ 2000ء کے بعد ان کی اداکاری میں ایک بہت بڑی تبدیلی واقع ہوئی ۔ جب انہوں نے ’’لگان‘‘ فلم میں کام کیا ۔ 

’’لگان‘‘ فلم کو آسکر کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔’’ لگان‘‘ کے بعد انہوں نے کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا جن کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔ ان فلموں میں ’’ تارے زمیں پر‘‘ ،’’ گجنی‘‘ ،’’ تھری ایڈیٹس‘‘، ’’دھوم تھری‘‘، ’’پی کے‘‘ اور ’’دنگل‘‘ شامل ہیں۔

بالی ووڈ میں سب سے پہلے 100کروڑ کلب’’گجنی‘‘ (2008)،200 کروڑ کلب ’’تھری ایڈیٹس‘‘ (2009) اور300کروڑ کلب ’’پی کے‘‘ (2014)نے بنایا۔ عامر واحد خان ہیں، جو ایک فلم ڈائریکٹ بھی کرچکے ہیں، 2007میں ریلیز ہونے والی ’’تارے زمین پر‘‘ کو عامر خان نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ عامر خان بھی اپنی فلموں کا معاوضہ نہیں لیتےبلکہ فلم کی کمائی سے حصہ لیتے ہیں۔

عامر کی آخری ریلیز ہونے والی فلم ’’ دنگل‘‘ نے دنیا بھر سے 2100 کروڑ سے زائد جبکہ صرف چین سے 1200 کروڑ روپے سے زائد کمائی کی تھی۔ اسی طرح ان کی فلم ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘ نے بھی دنیا بھر سے700 کروڑ روپے سے زائد بٹورے تھے۔ عامر خان کی فلموں کی کمائی سے اگر ان کا حصہ20% بھی نکالا جائے تو اندازہ کریں عامر نے کتنے کمائے ہوں گے۔

شاہ رُخ خان

بالی ووڈ کے کنگ خان نے 1992میں فلم ’’دیوانہ‘‘ سے ڈیبیو کیا۔ وہ بالی ووڈ میں اجنبی بن کر وارد ہوئے اور دیکھتے ہی دیکھتے سب کے ہردلعزیز اور ’’موسٹ رومانٹک‘‘ ہیرو بن گئے۔ بات ذرا، کنگ خان کے ٹیلی ویژن پر آنے سے پہلے کی بھی کرلیتے ہیں۔ شاہ رخ خان کی پہلی کمائی صرف 50 روپے تھی۔

جی ہاں، بھارت کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے شاہ رخ خان نے پنکج اُدھاس کے دلی میں ہونے والے کنسرٹ میں اٹینڈنٹ کا کام کیا تھا، جس کا معاوضہ انھیں 50روپے ملا تھا۔ شاہ رخ نے دہلی کے دریا گنج علاقے میں ایک چھوٹا سا ریسٹورنٹ بھی کھولا تھا لیکن وہ چل نہ سکا۔ شاہ رُخ کی ریلیز ہونے والی پہلی فلم ’’دیوانہ‘‘ تھی لیکن انھوں نے پہلی فلم جو سائن کی تھی، وہ ’کبھی ہاں کبھی ناں‘تھی۔ 

اس فلم کا معاوضہ شاہ رخ نے25,000 روپے لیا تھا۔ شاہ رخ چاہے فلم کے ہیرو بنیں یا اینٹی ہیرو، وہ فلم شاہ رخ کے نام سے ہی پہچانی جاتی ہے۔ یش راج فلمز کی فلم ’’ڈر‘‘ کے ہیرو سنی دیول تھے، جو اس وقت شاہ رخ سے بڑے اسٹار تھے، تاہم ریلیز کے بعد شاہ رخ نے یہ فلم سنی دیول سے کچھ اس طرح چرالی کہ آج یہ فلم شاہ رخ کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے۔ 

شاہ رخ خان ٹوئٹر پر سب سےزیادہ فالو کیے جانے والےبھارتی اداکار ہیں (جی ہاں امیتابھ بچن سے بھی زیادہ)، جب کہ وکی پیڈیا پر بھی گزشتہ سال سب سے زیادہ شاہ رخ خان کو ہی سب سے زیادہ سرچ کیا گیا (جی ہاں، سنی لیونی سے بھی زیادہ)۔ شاہ رخ خان اپنی آنے والی فلم ’’زیرو‘‘ میں ’’ہیرو‘‘ کا کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ فلم شاہ رخ کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں، کیوں کہ اس فلم میں وہ بونے کا کردار ادا کررہے ہیں۔

تازہ ترین