• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
روزنامہ جنگ کے توسط سے آپ کی خدمت میں عرض ہے کہ پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کو طویل عرصے سے نظر اندازکیاجارہاہے کیونکہ 2009ء سے 2017ء کے درمیان صرف ایک بار ان کی پنشن میں اضافہ کیا گیاہے انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافہ کرے جبکہ کہا گیا تھا آئندہ پنشن میں بھی دیگر حاضر ملازمین کی تنخواہوں کے ساتھ مناسب اضافہ کیا جائے گا۔ تقریباً ہر سال وفاقی اور صوبائی ملازمین کی پنشن میں بجٹ کے اعلان کے موقع پر خاطرخواہ اضافہ کر دیا جاتا ہے جبکہ ایئرلائن کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن سرکاری محکموں کی نسبت خاصی کم ہے۔ قومی ایئرلائن اپنے ملازمین کی مجموعی تنخواہ کا 32فیصد پنشن کی صورت میں ادا کرتی ہے اور اس پنشن کی ادائیگی بنیادی تنخواہ پر کی جاتی ہے جو کہ ناانصافی ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین ایک عرصے سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ انہیں بنیادی تنخواہ کا 50فیصد دیا جائے یا پھر کسی فارمولے کو لاگو کئے بغیر مجموعی تنخواہ کا 32فیصد پنشن کے طور پر ادا کیا جائے۔ قواعد کے مطابق حکومت وفاقی ملازمین کو ان کی تنخواہوں کا 50فیصد پنشن ادا کرتی ہے اور یہ طریقہ کار پی آئی اے میں بھی 2013ء تک اختیار کیا گیاتھا۔ انتظامیہ کی طرف سے اس طریقہ کار کو دوبارہ نافذ کیا جانا چاہئے۔ حکومت اور چیئرمین پی آئی اے سے درخواست ہے کہ پنشن کو تنخواہوں میں کئے جانے والے اضافے کے مطابق بڑھایا جائے اور ہر سال بجٹ کے موقع پر پی آئی اے کے ملازمین کی پنشن میں بھی اضافہ کیا جائے۔
(ولی احمد شاد۔ کراچی)
تازہ ترین