• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کے بھاری ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کے فیصلے پر اسرائیل کا ردّ عمل

اسرائیلی وزیر اعظم نتین یاہو --- فائل فوٹو
اسرائیلی وزیر اعظم نتین یاہو --- فائل فوٹو

امریکا کی جانب سے اسرائیل کو بھاری ہتھیاروں کی فراہمی عارضی طور پر روکنے کے فیصلے پر اسرائیلی وزیر اعظم نتین یاہو کا ردعمل سامنے آگیا۔

بی بی سی کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نتین یاہو نے امریکی دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسرائیل ہر صورت لڑے گا، اگر ہمیں تنہا کھڑا ہونا پڑا تو ہم تنہا کھڑے ہوں گے اور آخری حد تک لڑیں گے، ضرورت پڑی تو ہم اپنے کم وسائل میں بھی لڑیں گے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ 76 برس قبل، آزادی کی جنگ کے دوران ہم مختصر تعداد میں تھے، اس وقت بھی ہمیں ہتھیاروں کی کمی کا سامنا تھا کیونکہ اسرائیل پر ہتھیاروں کی پابندی عائد تھی لیکن مضبوط جذبے، بہادری اور اتحاد کے ساتھ ہم نے کامیابی حاصل کی۔

یاد رہے کہ 8 مئی کو امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اسرائیل نے رفح پر حملہ کیا تو امریکا اسرائیل کو ہتھیاروں کی ترسیل منقطع کر دے گا۔

واضح رہے کہ رفح میں اسرائیل کے زمینی حملے کے خدشے کے پیش نظر امریکا نے اسرائیل کو بارودی مواد کی کھیپ کی منتقلی روک دی تھی۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے بیان کے باوجود امریکی انتظامیہ کی جانب سے 900 کلو گرام سے زائد بارودی مواد کی کھیپ کی منتقلی روکنے سے اسرائیلی افواج کے دباؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید