• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
شعیب اور ثانیہ کے گھر  ننھے مہمان کی آمد متوقع

 کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے گھر اکتوبر میں نئے مہمان کی آمد متوقع ہے۔ ثانیہ مرزا تین ماہ سے امید سے ہیں۔ شعیب ملک نے پیر کو دبئی سے نمائندہ جنگ سے غیر رسمی بات چیت میں تصدیق کی کہ وہ چھ ماہ بعد باپ بن جائیں گے۔ تاہم انہوں نے یہ بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہ بچے کی ولادت کس ملک میں ہوگی، کہا کہ کچھ وقت دیں ، پیدائش کا مقام ابھی طے نہیں ہوا ہے۔ شعیب ملک نے کہا کہ میں نے اور ثانیہ نے اس متعلق خود سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے۔ ہم زندگی کے نئے سفر کے حوالے سے بیتاب اور خوش ہیں۔ ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ کافی عرصے سے اس بارے میں سوچ رہے تھے ، اب ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خاندان میں اضافے کا صحیح وقت ہے۔ شعیب ملک نے کہا کہ منگل کو سیالکوٹ پہنچ رہا ہوں اور وہاں سے فیصل آباد جاکر پاکستان کپ میں پنجاب کی نمائندگی کروں گا۔ میرے پرستار بچے اور ہمارے لئے دعا کریں ۔ یہ وقت دونوں خاندانوں کے لئے خوشی کا ہے اس خوشی سے اپنے پرستاروں کو بھی ساتھ شیئر کررہے ہیں۔ قبل ازیں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے سماجی ویب سائٹ پر انتہائی دلچسپ اور انوکھے انداز میں ”ننھے مہمان“ کی آمد کی خوشخبری سنائی ۔ انہوں نے ایک تصویر شیئر کی ہے جس کو دیکھتے ہی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے ۔ ثانیہ مرزا نے ٹوئٹر پر ”وارڈ روب“ کی تصویر جاری کی جس کے تین حصے بنے ہوئے ہیں۔ ایک حصہ ثانیہ مرزا اور ایک حصہ شعیب ملک کیلئے مختص دکھایا گیا ہے جبکہ درمیان والا حصہ ”مرزا، ملک“ کیلئے دکھایا گیا اور تینوں میں موجود کپڑوں کا سائز بھی مختلف دکھایا گیا ہے۔ جس میں صرف ہیش ٹیگ کے ساتھ ’بے بی مرزا ملک‘ لکھا ہے۔ خیال رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی شادی کو 8 سال ہوچکے ہیں اور دونوں کی شادی شدہ زندگی خوشگوار گزر رہی ہے جس کے حوالے سے ثانیہ مرزا متعدد انٹرویوز میں بتاچکی ہیں۔ 

تازہ ترین