• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بہترین اینٹی ایجنگ ٹپس

قدرت نے انسان کوخوب صورت جلد سے نوزا ہے تاہم وقت بڑھنے کے ساتھ جلد پر عمر کے اثرات نمایاں ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ جلد کواس کے حال پر چھوڑ دیا جائے۔بڑھتی عمر میں بھی آپ خود کو جوان رکھ سکتی ہیں۔ایک طریقہ تو یہ ہے کہ جلد کو صحت مند رکھنے کے لیے صحت مند غذا کا استعمال کیا جائے یعنی ایسے پھل اور سبزیاں جووٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوں، ان کے علاوہ ڈیری پراڈکٹس،پولٹری اور سی فوڈمیں بھی وہ تمام وٹامنز ہوتے ہیں، جن کی ہمارے جسم کوضرورت ہوتی ہے ۔

ان میں موجود وٹامن اے،کے ،ای اور سی اچھے اینٹی آکسیڈنٹ ہیں ۔یہ اینٹی آکسیڈنٹ جلد کے لیے نقصان دہ فری ریڈیکلز (Free Radicals)سے حفاظت کرتے ہیں۔ہمارا جسم ٹوکسن بناتا ہے، جس سے فری ریڈیکلز بنتے ہیں۔یہ ناکارہ خلیے جلد کو خشک اور کمزور کردیتے ہیں،جس سے جلد پر لکیریں اور جھریاں پڑنا شروع ہوجاتی ہیں۔ آج ہم آپ کے لیے کچھ ایسی تجاویز پیش کررہے ہیں، جو آپ کے لیے بہترین Anti-agingٹپس ثابت ہوسکتی ہیں۔

بالوں کی حفاظت

جب آپ کے بال پتلے اور ان کے درمیان خالی جگہ بڑھنے لگےتو سمجھیں آپ کی عمر ڈھلنے لگی ہے۔ ماہرین بھی اس بات پر حیران ہیں کہ عمر کے اثرات سر سے کیوں نمایاں ہونے لگتے ہیں۔ اس لیےاپنے بالوں کا خاص خیال رکھیں۔ بالوں میں چمک، صفائی اور زندگی کا احساس بہت ضروری ہے۔ بے رونق، مردہ بال کس کام کے۔امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن (FDA)نے پتلے ہوتے بالوں کی نمو بڑھانے کے لیے Minoxidilنامی دوا کی منظوری دی ہوئی ہے، جو اسپرے کی صورت میں بالوں پر استعمال کی جاسکتی ہے۔

چہرے کی حفاظت

چہرے کی جلد کی حفاظت کے لیے جہاں اس کی صفائی ضروری ہے، وہاں اینٹی ایجنگ کریمیں بھی مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔اینٹی ایجنگ کریموں میں کولاجن اور ایلاسٹن شامل کیاجاتا ہے،جو جلد کو جھریوں سے بچاتا ہے۔ قدرتی اجزاء سے تیار کردہ اینٹی ایجنگ لوشن اور کریمیں اس سلسلے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ اواکاڈو آئل اور شہد جسم میں کولاجن اور ایلاسٹن کی پیداوار کو قدرتی طور پر بڑھاتے ہیں۔ یہ دوپروٹین جلد کو لچکدار بناتے ہیں۔ان اجزاء کے ساتھ بنی ہوئی اینٹی ایجنگ کریموں کا استعمال جلد کو جوان رکھتاہے۔

اچھے گلاسز میں سرمایہ کاری کریں

جب دھوپ میں نکلنا ہو تو غیرشفاف اور ڈارک گلاسز کا استعمال کریں، ساتھ میں اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ آپ کے گلاسز میں UVAاور UVBشعاؤںسے تحفظ کی خصوصیت موجود ہے۔ ان خصوصیات کے حامل گلاسز آپ کی آنکھوں کو دھوپ کے دباؤ سے محفوظ رکھیں گے، جس سے آپ کے آنکھوں کے گرد کی حساس جلد جھریوں سے محفوظ رہے گی اور اس کی قدرتی رنگت بھی برقرار رہے گی۔ جتنا بڑا فریم، آنکھوں اور آنکھوں کے گرد کی حساس جلد کے لیے اتنا ہی زیادہ فائدہ مند۔روز مرہ کے دیگر استعمال کے لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنی آنکھوں کی بینائی کے عین مطابق چشمہ استعمال کریں۔ عمر کے ساتھ آنکھوں کی بینائی میں وہ تیزی برقرار نہیں رہتی، جس کے باعث Eye Area Muscles پر تناؤ بڑھتا ہے، جو جھریوں کی صورت میں سامنے آتا ہے۔

Retinoidsکا استعمال بڑھائیں

یہ ایک ایسی چیز ہے، جس پر جلد کے تمام ماہرین متفق ہیں کہ اس کا استعمال جلد کے لیے انتہائی مفید اور کارآمد رہتا ہے(سن اسکرین کے استعمال کے علاوہ)۔Retinoidsکے اینٹی ایجنگ فوائد کی فہرست طویل ہے۔ یہ کولاجن کی پیداوار بڑھاتے ہیں، جلد کے مساموں کو چھوٹا کرتے ہیں، نئے خلیوں کی پیداوار کو تیز کرتے ہیں(جس کے باعث جلد کی رنگت برقرار رہتی ہے) وغیرہ۔ Retiniodپراڈکٹس کو ہمیشہ رات میں استعمال کرنا چاہیے، صبح میں نہیں۔ Retinoidوالی پراڈکٹس کو جلد پر استعمال کرکے دھوپ میں نکلنے سے جلد کی حساسیت بڑھ جاتی ہے۔ یاد رکھنے کی بات یہ ہے کہ Retinoidپراڈکٹ چہرے پر ایک مٹر کے دانے کے برابر استعمال کریں۔ چہرے کے لیے یہ کم ہی زیادہ ہے اور اسے آنکھوں کے دائرے کی جلد پر نہ لگائیں۔

پراسیسڈ غذائیں استعمال کرنے سے پہلے اپنی جلد کا سوچیں

آپ کو پتہ ہونا چاہیے کہ جلد کی حفاظت کے لیے ماہرین سب سے زیادہ جن اشیاء سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہیں وہ پراسیسڈ کھانے ہیں، جیسے ریفائنڈ کاربوہائڈریٹس اور اضافی شوگر والی چیزیں۔یہ چیزیں  کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح میں اچانک اضافہ ہوجاتا ہے اور جب یہ شوگرمالیکیولز جلد کو لچک فراہم کرنے والے مادے کولاجن سے ملتے ہیں تو جلدکی لچک چھین لیتے ہیں۔ غیرلچکدار جلد پر جھریاں جلد واضح ہونے لگتی ہیں۔اس لیے پراسیسڈ کھانوں کے بجائے اومیگا 3-فیٹی ایسڈز اور مختلف رنگوں والے پھلوں اور سبزیوں کو اپنی غذا کا حصہ بنائیں۔

تازہ ترین