ہالی ووڈ کی شادیوں کے بارے میں کہا جاتاہے چلے تو چاند تک ‘ نہیں چلے تو شام تک۔ بہرحال ہالی ووڈ میں شادیوں کا ٹوٹنا کوئی اچنبھے کی بات نہیں ہوتی تاہم وقت بدل رہاہے ، اور شادی کو پائیدار بنانے اور تا عمر نبھانے کی طرف ہالی ووڈ اسٹارز بھی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ ہالی ووڈ سینما اسکرین پر بہت سی جوڑیاں شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہیں ، لیکن اسی دوران یہ اسٹارز بھی ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہو جاتے ہیں اور پھر ساری عمر کا عہد وپیمان کرلیتے ہیں۔
ان مشہور جوڑیوں کےلئے خود ان سے زیادہ دنیا بھر کے شائقین پریشان رہتے ہیں اور ان جوڑیوں کے درمیا ن ہونے والے اختلافات کی خبریں بڑے شوق سے پڑھتے اور آپس میں ڈسکس کرتے ہیں۔
ہالی ووڈ کی شادیوں کا ذکر ہو اور الزبیتھ ٹیلر کا نام نہ ٓائے یہ ممکن نہیں لگتا ۔ الزبیتھ ٹیلرجہاں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنی ایک الگ پہچان رکھتی تھیں وہیں ان کی آٹھ شادیاں بھی شہرت اور دلچسپی کا باعث بنیں۔ ایلزبیتھ نے پچاس سال تک فلمی دنیا پر حکمرانی کی ۔الزبیتھ ٹیلر نے جب قلوپطرہ کاکردار ادا کیا تھا تب لوگ ان کے حسن کے دیوانے ہوگئے۔ 1950 سے1962 تک کا عرصہ ان کے فنی عروج کا دور کہلاتا ہے۔ انہیں شاندار اداکاری کے لئے 2 مرتبہ آسکر ایوارڈ دیا گیا۔ الزبیتھ کے ایک لے پالک بیٹے سمیت تین بچے ہیں۔
الزبیتھ نے55 لازوال فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اس کے علاوہ نصف درجن سے زائد ٹی وی سیریلز بھی کیں۔ ان کی مشہور فلموں میں نیشنل ویلوٹ ، فادر آف دی برج، آ پلیس ان دا سن ہیں۔ ہالی ووڈ کی سب سے پہلی مشہور جوڑی الزبیتھ ٹیلر اور رچرڈ برٹن کی تھی ۔ دونوں نے دو بار شادی کی اور پھر ایک دوسرے کو چھوڑ دیا۔
ٹام کروز اور نکول کڈ مین
ٹام کروز اور نکول کڈ مین کی جوڑی بہت دلکش تھی لیکن ان کے درمیان بھی 17 سال پہلے علیحدگی ہو چکی ہے ۔ ٹام کروز نے معافی مانگنے کیلئے پانچ صفحات پر مشتمل ایک معذرت نامہ نکول کڈ مین کو بھجوایاتھاجس میں اس نے لکھاتھا کہ غلطی نکول کڈمین کی نہیں بلکہ انکی تھی کیونکہ وہ صرف اپنی زندگی کے بارے میں ہی سوچتے تھے۔ ٹام کروز نے یہ خط نکول کڈ مین کے والد کے انتقال پر لکھا جس میں انہوں نے انکے والد کے انتقال پر نہ صرف افسوس کا اظہار کیابلکہ ان سے اپنی دس سالہ رفاقت کے ٹوٹنے کے حوالے سے معذرت کرتے ہوئے خود کو اس کا ذمہ دار قرار دیا۔
ٹام کروز اور نکول کڈمین کے دو لے پالک بچے بھی ہیں ، دونوں کی دس سالہ رفاقت 2001 میں ختم ہوئی تھی۔ نکول نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1989ء میں سنسنی خیز فلم ڈیڈ کام کے ذریعے کیا۔ ڈیز آف تھنڈر ، ٹو ڈائی فار اور مولن روج میں نکول کی کارکردگی کو ناقدین نے بھرپور انداز میں سراہا اور دی آورز میں اداکاری پر نکول کو کئی معروف فلمی اعزازات سے نوازا گیا جس میں بہترین اداکارہ کے لیے اکیڈمی ایوارڈ، بافٹا ایوارڈ اور گولڈن گلوب ایوارڈ شامل ہیں۔ ٹام کروز کے بعد نکول نے معروف موسیقار کیتھ اربن سے شادی کر لی۔
بریڈ پٹ اور انجلیناجولی
جولی اور پٹ میں محبت کا آغاز 2004 میں بنائی جانے والی کامیڈی اور ایکشن فلم ’ مسٹر اینڈ مسز سمتھ‘ کے سیٹ پر ہوا۔ اس فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی دونوں کی محبت کی خبریں منظر عام پر آنا شروع ہو گئی تھیں لیکن اس وقت تک پٹ اداکارہ جینیفر اینسٹن کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندے ہوئے تھے، اوریہ کپل بھی دنیا بھر میں بہت مشہور تھا۔ بریڈ پٹ اورجولی کے چھ بچے ہیں۔ ان میں سے تین ان کےلے پالک ہیں۔ جولی کے ہاں پہلی بیٹی2006 میں پیدا ہوئی جبکہ سن 2008میں جولی کے ہاں جڑواں بچے پیدا ہوئے۔جولی اور پٹ سن2008 میں ’شیتو میروال‘ میں منتقل ہو گئے۔ یہ علاقہ فرانس کے جنوب میں واقع ہے اور اعلیٰ معیار کی وائن کے لیے مشہور ہے۔ بعد ازاں اس جوڑے نے اپنی شادی کی تقریب بھی اسی گھر میں منعقد کی۔
پٹ اور جولی نے ایک امدادی تنظیم کی بنیاد رکھی اور فلاحی کام کرنے والی تنظیموں کا ساتھ دینا شروع کر دیا۔ اس جوڑے نے لاکھوں ڈالر عطیے میں دیے۔ سن 2012 میں اقوام متحدہ نے جولی کو مہاجرین کے لیے خصوصی مندوب نامزد کر دیا۔2015ء میں امریکی سپر اسٹار انجلینا جولی نے اپنی نئی فلم ’سمندر کنارے‘ میں ایک شادی شدہ جوڑے کے مسائل کو موضوع بنایا۔ اس فلم میں وہ اپنے حقیقی شوہر بریڈ پِٹ کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔یہ جوڑی اب الگ ہو چکی ہے۔
مائیکل ڈگلس اور کیتھرین زیٹا جونز
ہالی وڈ کے مشہور فلمی جوڑے مائیکل ڈگلس اور اداکارہ کیتھرین زیٹا جونز13سال کی شادی کے بعدعلیٰحدہوچکے ہیں۔ دونوں نے 2000 میں فرانس میں شادی کی تھی۔دونوں اداکاروں کے اس شادی سے دو بچے ہیں تیرہ سالہ ڈیلن اور دس سالہ کیرس۔ دونوں اداکاروں کو حالیہ دنوں میں صحت کی خرابی کا سامنا رہا ہے۔ ڈگلس کو دو ہزار دس میں گلے کا کینسر ہوا تھا جبکہ زیٹا جونز کو بائپولر ڈس آرڈر کا علاج 2011 میں کروانا پڑا تھا۔
کیتھرین اور مائیکل کی سالگرہ ایک ہی دن یعنی پچیس ستمبر کو ہے جو 1998 میں فرانس میں منعقد ہونے والے ڈوویل فلم فیسٹیول میں ملے تھے۔ان کا پہلا بچہ اگست 2000 میں پیدا ہوا جس کے تین ماہ بعد انہوں نے نیویارک کے پلازہ ہوٹل میں شادی کر لی۔ اداکارہ کیتھرین زیٹا جونز کو 2002 میں ان کی فلم شکاگو میں والما کیلی کے کردار پر بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ دیا گیا تھا۔ اداکار، فلمساز مائیکل ڈگلس ماضی کے ہالی وڈ اداکار کرک ڈگلس کے بیٹے ہیں۔ مائیکل ڈگلس کو اب تک دو آسکر ایوارڈز جبکہ سیسل ڈی میلی ایوارڈ اور امیریکن فلم انسٹیٹیوٹ کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا جا چکا ہے۔