موسم گرما کی آمد جہاں پیراہن میں تبدیلی لاتی ہے وہیں ہیئر اسٹائل بھی منفرد دکھائی دینے لگتے ہیں موسم گرما میں آپ کا ہیئر اسٹائل جتنا باوقار ہوگا آپ اتنا ہی ریلیکس فیل کریں گی۔ ہیئر اسٹائل کے لیے خواتین جتنی پریشان موسم سرما میں نظر آتی ہیں اتنی ہی موسم گرما میں بھی۔جس طرح موسم گرما میں بالوں کی حفاظت کوئی آسان کام نہیں اسی طرح گرم موسم کی نسبت سے ہیئر اسٹائل کا انتخاب کوئی آسان کام نہیں ۔
کسی بھی لباس کے ساتھ آپ کے پرفیکٹ ہیئر اسٹائل کا ہونا بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ آپ کے میک اپ یا جیولری کا۔۔ ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے کہ چلچلاتی دھوپ اور سورج کیتیز شعاعوں کے ساتھ اس کے لمبے یا چھوٹے بال چہرے اور گردن سے دور رہیں تاکہ گرمی کا احساس کم سے کم محسوس ہو۔ آپ بھی چاہتی ہوں گی اس موسم میں بالوں کا وہ انداز اپنائیں جو آپ کے خوبصورت چہرے کے خدوخال کو نمایاں کرے، خاص کر آپ کے چہرے کی بناوٹ واضح ہو چاہے آپ کا چہرہ گول ہو، لمبوترا ہو یا پھر بیضوی۔تو آئیے آج بات کرلیتےہیں گرمیوں میں بالوں کے مختلف اسٹائل یا انداز کی۔
فش ٹیل بریڈ
فش ٹیل بریڈ جسے عام طور پر کھجوری چوٹی بھی کہاجاتا ہے ہیئر اسٹائل ٹرینڈ میں سےایک ہے یہ ایک ایسا ہیئر اسٹائل ہے جو کبھی پرانا نہین ہوتا خاص طور پر موسم گرما میں۔۔۔اس اسٹائل کے لیے آگے کے بالوں کو ڈھیلا چھوڑتے ہوئے بالوں کو پچھلی طرف دو حصوں میں تقسیم کرلیا جاتا ہےجس کے بعد فش اسٹائل میں چوٹی باندھی جاتی ہے یہ اسٹائل درمیانے اور لمبے دونوں قسم کے بالوں کے لیے مفید ہے۔ یہ ایک ایسا ٹرینڈہے جوکبھی منظر سے غائب نہیں ہوتا بلکہ کسی نہ کسی نئے اور اچھوتے انداز میں اس کے نت نئے انداز سامنے آتے رہتے ہیں۔
ٹوئسٹ بن
ٹوئسٹ بن اسٹائل بھی موسم گرما میں لمبے اور درمیانے دونوں قسم کے بالوں کے لیےبہترین انتخاب ہے۔اس اسٹائل کے ساتھ آپ لمبے بالوں کے ساتھ آرام دہ دن گزارسکتی ہیں ۔ٹوئسٹ بن ہو ڈبل ٹوئسٹ ہو ہر ایک پر سوٹ کرتا ہے۔اس طریقے میں سر کے چاروں طرف اوپر کے بالوں کو ایک دوسرے میں جکڑ دیا جاتا ہے، اور پیچھے سے ہیئر پن کے ذریعے انہیں سپورٹ دی جاتی ہے۔ تمام بالوں کو چاروں طرف ایک دوسرے میں جکڑ دیا جاتا ہے۔
ہائی پونی ٹیل
ہائی پونی ٹیل لڑکیوں یا بڑی عمر کی خواتین ہر ایک پر بے حد سجتا ہے اور اس اسٹائل کو اپنا نے کے بعد آپ گرم ہوائیں میں لہراتی بل کھاتی زلفوں کو چہرے پر آنے سے بھی بآسانی روک پائیں گی ۔موسم گرما میں آپ ہائی پونی ٹیل بنائیں تاہم تھوڑی سی تبدیلی کے ساتھ۔بال برش کرنے کےبعد پن کے ساتھ ہائی پونی بنالیں اور ربر بینڈ کے ذریعے ان کو مضبوط کرلیں۔ چاہیں تو اپنی پونی کو سر کے اوپر لے جاکر ہیئرپن سے مضبوط کرلیں تاکہ گردن پر ہوا لگتی رہے۔
بریڈ بیک ود ہاف ٹائی
کرل بالوں والی خواتین کے لیےبریڈ بیک ود ہاف ٹائی ہیئراسٹائل موسم گرما کے لیے بہترین ہے۔اس ہیئر اسٹائل کے لیے بالوں کو دو حصوں میں تقسیم کرکے آدھےبالوں کو ٹوئسٹ اسٹائل میں موڑا جاتا ہےاور پیچھے سے کلپ لگا کر آدھے بال کھلے چھوڑ دیے جاتے ہیں یہ اسٹائل موسم گرما کے بہترین ہیئر اسٹائل میں سے ایک ہے ۔
ہالو بن
آپ نے آج تک سائیڈ بن سناہوگا میسی بن ہیئر اسٹائل کا نام سنا ہوگا ہالو بن ہیئر اسٹائل کا نام سنا ہے ؟جی ہاں !ہالی ووڈ اداکاراؤں کا یہ ہیئر اسٹائل ہالو بریڈ اور ڈبل ٹوئسٹ کا مکسچر ہے، جس میں تمام بالوں کو سر کے چاروں طرف ایک دوسرے میں جکڑ کر پھولوں کی مالا کی طرح بنایا جاتا ہے، جب کہ درمیان کے بالوں کو سر کے اوپر پونی سے جکڑ دیا جاتا ہے۔
ٹاپ ناٹ
ٹاپ ناٹ ہیئر اسٹائل بھی گرم موسم کا بے حد مقبول ہیئر ٹرینڈ ہے۔ٹاپ ناٹ چھوٹے بالوں کے لیےبہترین ہے . یہ بے حد مقبول ہیئر ٹرینڈ بھی ہے . بالوں کو سمیٹ کر سر پر جوڑا بنا لینا سننے میں جتنا عام ہے دیکھنے میں اتنا ہی خاص ہوتا ہے . اس طرح موسم گرما میں بال سمٹے رہتے ہیں اور سنبھالنا بھی مشکل نہیں ہوتا۔