• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاست شطرنج کی وہ بساط ہے جہاں ایک چھوٹی سی چوک بھی بہت بڑی مات دے سکتی ہے اورایسے حالات میں جبکہ عام انتخابات سر پر ہیں کوئی بھی مخالف صورتحال سیاسی ہواؤں کا رخ بھی بدل سکتی ہے۔

ان دنوں وطن عزیز میں چاروں طرف یہی چرچہ ہے کہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں ایسے حیران کن انکشافات کا ذکر کیا ہے جس سے عمران خان اور ان کی پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے، فی الحال اس حوالے سے ریحام خان کے علاوہ کوئی بھی واضح طور پر نہیں کہہ سکتا کہ آخر اس کتاب میں کس بارے میں اور کیا انکشافات تحریر کیے گئے ہیں۔

ہاں مگر یہ بات نہایت اہمیت کی حامل ہے کہ ریحام خان کی لکھی گئی کتاب میں اگر عمران خان کے حوالے سے کچھ ایسے انکشاف سامنے آجاتے ہیں جو صداقت پرمبنی ثابت ہوئے تو اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ عمران خان کو عام انتخابات میں دھچکا پہنچے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ریحام کی آنے والی کتاب کو ایک سیاسی سازش کہا جا رہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ پی ٹی آئی کی جانب سے کتاب کی اشاعت روکنے کی بھرپور کوشش بھی کی جا رہی ہے۔

کتاب سے متعلق خبریں منظر عام پر آتے ہی تحریک انصاف نے بھی اپنا لائحہ عمل تیار کر لیا ہے، پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی طرف سے ریحام خان کو آڑے ہاتھوں لیا جا رہا ہے جس کے بعد ریحام خان اور پی ٹی آئی کے رہنما حمزہ علی عباسی کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی ہے دونوں اطراف سے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کی جارہی ہے جبکہ ریحام خان نے حمزہ علی عباسی کو قانونی نوٹس بھی بھجوادیا ہے۔

اس لفظی بحث کاباقاعدہ آغاز اس وقت ہوا جب اداکار حمزہ علی عباسی نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے ریحام کی کتاب پڑھ لی ہے مگر غور طلب بات یہ ہے کہ اشاعت سے قبل ہی انہوں نے کتاب کیسے اور کب پڑھی۔۔۔۔؟

حمزہ کے کتاب پڑھنے کے دعویٰ پر ریحام خان نےکہاکہ کتاب ابھی شائع نہیں ہوئی ہےاور حمزہ نے پڑھ بھی لی تو اس کی دوہی صورتیں ہیں کہ یا تو انہوں نے کتاب کا مسودہ چوری کیا ہے یا پھر فراڈ کیا ہے۔ ابھی یہ گتھی بھی سلجھنے کو باقی ہے کہ حمزہ علی کے پاس مسودہ کیسے آیا ۔۔۔۔۔؟؟

حمزہ علی عباسی کے مطابق ریحام خان کی کتاب کا خلاصہ یہ ہے کہ عمران خان زمین پر شیطان نما شخص ہے جبکہ ریحام خان تہجد گزار خاتون ہیں اور شہبازشریف بہترین شخص ہیں، اگر درحقیقت اس کتاب کا خلاصہ اسی طرح ہے جس طرح حمزہ علی عباسی نے بیان کیا ہے تواس کتاب کا لکھا جانا ایک سوچی سمجھی سازش بھی ہو سکتی ہے جس طرح معروف گلوکاراور تحریک انصاف کے رہنما سلمان احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ ریحام خان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے انہیں الیکشن سے قبل عمران خان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کے لیے 10 کروڑ روپے کی پیشکش کی تھی۔

گلوکار سلمان احمد نے ٹوئٹر پر انکشاف کیا ہے کہ ریحام خان، پاکستان مسلم لیگ(ن)اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنماؤں کی جانب سےان سے ایک ہی دن رابطہ کیاگیا اور عمران خان پر کیچڑ اچھالنے کیلئے کہا گیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ریحام کی کتاب کو سازش کہا جارہاہے جبکہ ریحام خان اپنی کتاب کے متعلق پہلے ہی کہہ چکی ہیں کہ کتاب میں ان کے ماضی اور تمام زندگی کے حوالے سے معلومات ہوںگی، یہ کہنا غلط ہے کہ اس میں صرف عمران خان سے شادی اور طلاق کے حوالے سے باتیں ہیں۔

اس بات کی وضاحت تب ہی ممکن ہے جب کتاب منظر عام پر آ جائے گی،آخر یہ کتاب ہے یاانکشاف، یا پھرمحض ایک سازش؟ قبل از وقت کچھ بھی قیاس کرنا درست نہیں ہے۔

تازہ ترین