• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید اوپر عید، عید ہے مستانی
ایک عید، کہ 30روزے پورے ہوئے، دوسری عید آج، تیسری عید انتخابات کی گہما گہمی اور عالمی فٹ بال جنگ، رمضان المبارک ڈھیر ساری خوشیاں لایا، موٹی موٹی ہم نے گنوا دیں چھوٹی چھوٹی آپ ڈھونڈ لیں، البتہ جس ہستی ﷺ نے اپنی امت کو دو عیدیں دیں اس نے یہ بھی فرمایا:’’عید اس کی نہیں جس نے فقط نئے کپڑے پہن لئے بلکہ عید اس کی ہے کہ جس نے ناداروں کو یاد رکھا کیونکہ وہ اپنے رب کی وعید سے ڈرا،‘‘ اگر حج جمعہ کو ہو تو حج اکبر کہلاتا ہے، اگر عید جمعہ کو آ جاتی تو عید اکبر ہوتی ، عید کے روز شوہر جب بیویوں کو دیکھیں گے تو خالی جیب کا غم بھول جائیں گے یہ بھی عید ہے، اور بچوں کی خر مستیاں تو عید کو مستانی بنا رہی ہیں، آج بڑا دن خدا کا، آج سارے میل اتر گئے کہ سبھی رمضان کے دھلے ہوئے ہیں، یہ دھلائی دو طرح کی ہے روزے داروں کو خبر ہے، وہ لوگ کبھی بوڑھے ہوتے ہیں نہ غم رسیدہ جو محرومیوں سے خوشی نکالنے کا ہنر جانتے ہیں، قوم سیاسی برزخ سے گزر رہی ہے یہ بھی گویا ایک طرح سے عید ہے کہ اس کے بعد مستقل نگران حکومت آئے گی، ہر پاکستانی جہاں کہیں ہے خوش ہو جائے کہ پاکستان اس کے ساتھ ساتھ ہے، آج سب صرف نیت ہی درست رکھنے کا عہد کر لیں تو فردوس، ارض وطن پر اتر آئے، عید کی خوشی رب العالمین کی طرف سے عیدی ہے، کہ اس نے فرمایا ہے لوگ خدا کا ’’کنبہ‘‘ ہیں، مسرتوں بھری آنکھیں، چہروں پر اطمینان و سکون کےغازے، زلفِ دوتا میں رحمتوں کی گھٹائیں روپہلے سنہرے بچے، یہ عید ہے کہ بیوٹی پارلر آزاد پاکستان میں لی ہوئی ہر سانس عید ہے، ہر پاکستانی کو یہ رنگ رنگیلی برکتوں رحمتوں والی عید مبارک ہو۔
٭٭٭٭
انتخابات فوج اور اخلاقیات کی نگرانی میں
پولنگ اسٹیشنز، اندر باہر فوج ہو گی، 20ہزار سی سی ٹی وی کیمرے، انتخابی ضابطہ اخلاق مرتب، اصل نگرانی ضمیر کی ہے، قوم اگر دل دماغ کی سنے تو سارے راستے سیدھے، منزل قریب، بشرطیکہ جمہوری تقاضے پورا کرنے میں سب یکجان ہوں، پاک فوج ہر قومی محاذ پر جان بکف، اسے جتنا خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے، یوم انتخاب خوشی اور امتحان کا دن ہے، دل بڑے ہوں، غصے قابو میں ہوں تو انتخابات وہ تہوار ہے جو کتنے ہی تہواروں کو جنم دے سکتا ہے، جمہوریت کا تسلسل جاری رہے، تعلیم کی کمی دور کی جائے تو پھر اتنے سخت انتظامات کی بھی ضرورت نہ پڑے، ان شاء اللہ ایسا بھی ہو گا، آج پہلے سے زیادہ بیداری آ چکی ہے، ہار جیت دونوں میں خوشی پوشیدہ، اگر ہم جانیں تو ن لیگ کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز کے اندر باہر فوج تعینات کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ حالات کے تناظر میں صائب ہے، کیونکہ انتخابات کی شفافیت کے لئے ایسا کرنا فی الوقت ضروری ہے، ضابطۂ اخلاق کی پابندی ووٹرز اور امیدوار دونوں کریں گے تو یہ پابندی نہیں دراصل آزادی ہو گی محفوظ انداز میں ووٹ ڈالنے کی، الیکشن کمیشن درست سمت میں جا رہا ہے، فوج ہمارا ایک ایسا ادارہ ہے جس کے بارے میں کوئی دو رائے نہیں، وطن کی حفاظت، اندرونی و بیرونی خطرات کی صورت میں، اس کا فریضہ ہے اور ہمیشہ اس نے یہ فریضہ بخوبی سرانجام دیا ہے۔
٭٭٭٭
آزادی کشمیر کا وقت آ پہنچا
بھارتی آرمی چیف جنرل بین نے مقبوضہ کشمیر میں اعتراف شکست کر لیا ہے، ان کا کہنا ہے جتنے لوگ مارتے ہیں اس سے زیادہ ہتھیار اٹھا لیتے ہیں، اعتراف شکست کر کے بھارتی آرمی چیف نے یہ کہہ کر کشمیریوں کی نسل کشی کا بھی اعتراف کر لیا ہے کہ جتنے لوگ مارتے ہیں اس سے زیادہ ہتھیار اٹھا لیتے ہیں، اس بیان سے عالمی انسانی برادری 70سال سے اس قتل عام کی عددی کثرت کا اندازہ کر سکتی ہے، اقوام متحدہ نے واضح اعلان کر دیا ہے کہ تشدد بند کر کے مسئلہ کشمیر با معنی مذاکرات سے حل کیا جائے، پاکستان نے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے، اس صورتحال میں اب بھارت کو از خود مذاکرات کی جانب رجوع کرنا چاہئے، کمشنر برائے انسانی حقوق نے بھی پوری وضاحت سے کہا ہے کہ کشمیر متنازعہ خطہ ہے جس نے لوگوں کی زندگیاں برباد کر دیں، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکا جائے، یہ کس قدر حیران کن اور شرمناک ہے کہ پوری مسلم امہ عید منا رہی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کا خون بہایا جا رہا ہے، بھارتی آرمی چیف کا یہ کہنا کہ کشمیریوں نے ہتھیار اٹھا لئے ہیں، یکسر بے بنیاد ہے اگر ایسا ہوتا تو آزادی کی یہ جدوجہد کب کی منزل آشنا ہو چکی ہوتی، کشمیریوں کو کہیں سے اسلحہ نہیں مل رہا اور وہ فلسطینیوں کی طرح ہاتھوں اور پتھروں سے کام لیتے ہیں، مگر جابر بھارت کی ظالم فوج سیدھی گولیاں مارتی ہے، آج وقت آ گیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کرائے، اور بھارت با مقصد و معنی مذاکرات کرے، کیونکہ اب عالمی برادری نے اس غاصبانہ قبضے اور انسان کشی پر تشویش ظاہر کر دی ہے۔
٭٭٭٭
تیری دید غریباں دا حج وے
....Oخواجہ سعد رفیق نے حلف نامے میں 2بیویوں کا اعتراف کر لیا۔
اسی طرح بروز حشر بھی بہت کچھ سب کا کھل جائے گا۔
....Oخورشید شاہ:جنہوں نے نواز شریف کو باہر بھیجا ذمہ دار بھی وہی ہیں۔
ذمہ دار ہیں تو بھیجا ہے، ویسے اچھا گمان رکھنا چاہئے، میاں صاحب بھاگنے والے نہیں، پوری قوم کی دعا ہے کہ کلثوم نواز صحت یاب ہوں،
....O شاہد آفریدی کو گھر میں شیر پالنے پر محکمہ جنگی حیات کی طرف سے نوٹس مل گیا۔
حالانکہ انہیں شیر درہ آدم خیل میں رکھنا چاہئے تھا، کراچی میں شیر رکھنا تو نقص امن کا خطرہ بن سکتا ہے۔
....Oسب روزہ داروں، روزہ خوروں کو عید مبارک ہو۔
٭٭٭٭
(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین