• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوٹلی میں لینڈ سلائیڈنگ سے عوام کو تحفظ دیا جائے، جاوید شاہ

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) دریائے پونچھ کے ساتھ ساردہ ضلع کوٹلی میں شدید لینڈسلائیڈنگ کے باعث مختلف حادثات پیش آرہے ہیں لیکن مقامی انتظامیہ ضلع کوٹلی نے اس جگہ پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کوئی مناسب انتظامات نہیں کئے، یہ انتہائی خطرناک زون ہے جو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے موزوں نہیں ہے۔ اس حوالے سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برانچ کے صدر سید جاوید احمدشاہ، سینئر نائب صدر چوہدری محمد سعید، نائب صدر محمد رفیق چوہدری، ممتاز مسلم لیگی رہنما عبدالمجید ایڈووکیٹ، سابق ڈپٹی میئر محمد فاضل ضیاء، حاجی عبدالحلیم، چوہدری محمد شریف، حاجی عبدالحلیم اور دیگر نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، وزیر تعمیرات عامہ اور ڈپٹی کمشنر ضلع کوٹلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی ہمددی کی بنیاد پر اس علاقے کا دورہ کریں اور جب تک متبادل سڑک کاانتظام نہیں ہو جاتا یہ سڑک بند کی جائے اور انسانی جانوں سے نہ کھیلا جائے۔ ان رہنمائوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر اور متعلقہ وزرا سے اپیل کی کہ دریائے پونچھ پر پل کی تعمیر کو مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو محفوظ آمدورفت کے لئے سڑک مل سکے۔ سابق ڈپٹی میئر فاضل ضیاء نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق سے مطالبہ کیا کہ ساردہ ریڈ زون پر لینڈ سلائیڈنگ کی خراب صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ساردہ ٹنل کی تعمیر کو ترجیح دیں تاکہ عوام کو ٹریفک کی آمد و رفت اور نہر کے پانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اگر حکومت کے پاس فنڈز کی کمی ہے تو تارکین وطن کشمیری فنڈز کے لئے تعاون کریں گے، یہ ایک قومی منصوبہ ہے جو کے ایچ خورشید کے دور حکومت سے چلا آرہا ہے اس کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
تازہ ترین