• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس ادائیگی : شہباز اور زرداری سرفہرست‘عمران خان سب سے نیچے

اسلام آباد(وسیم عباسی)الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ویب سائٹ پر جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ برس ٹیکس ادا کرنے والےقومی رہنمائوں میں شہباز شریف اور آصف زرداری سرفہرست ہیں جب کہ عمران خان اس فہرست میںسب سے نیچے ہیں ۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے 1کروڑ سے زیادہ، سابق صدر نے 2کروڑ سے زائد جبکہ عمران خان نے4لاکھ20 ہزارروپےٹیکس دیا۔تفصیلات کے مطابق،نگراں حکومت کے قیام سے قبل تمام سابق وزراء اعلیٰ میں ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے سب سے زیادہ ٹیکس ادائیگی کی یعنی انہوں نے گزشتہ سال 1کروڑ7لاکھ 80ہزار روپے قومی خزانے میں بطور ٹیکس ادا کیے۔یہ بات انتخابات 2018کے حوالے سے امیدواروں کے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی سے سامنے آئی ہے۔کاغذات نامزدگی کے تجزیے کے مطابق، آصف علی زرداری بھی بہتر ٹیکس ادا کرنے والے سیاست دانوں میں شامل ہیں ۔انہوں نے 2017میں 2کروڑ 27لاکھ روپے ٹیکس ادائیگی کی تھی۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ٹیکس ادا کرنے والے قومی رہنمائوں کی فہرست میں سب سے نیچے ہیں ، انہوں نے گزشتہ سال 4لاکھ 20ہزار روپے ٹیکس ادا کیا تھا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پیر کے روز اپنی ویب سائٹ پر جو اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں اس کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے 1کروڑ7لاکھ 80ہزار روپےکی ٹیکس ادائیگی سال 2017کے دوران کی ، جس میں انکم ٹیکس کے 1کروڑ 2لاکھ 90ہزار روپے اور زراعتی انکم ٹیکس کی ادائیگی بھی شامل ہے۔صدر ن لیگ کی جانب سے جمع کرائے گئے حلف نامے کے مطابق ان کی گزشتہ مالی سال کے دوران آمدنی 3کروڑ51لاکھ40ہزار روپے تھی ، جب کہ 2017کے دوران ان کے کل اثاثے 5ارب 1کروڑ روپے تھے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سب سے زیادہ ا ثاثے ہیں ، جس کی مالیت 1اعشاریہ 54ارب روپے ہے ۔تاہم انہوں نے 41لاکھ 90ہزار روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا ، جس میں 30لاکھ 90ہزار روپے کا زراعتی ٹیکس بھی شامل ہے۔جب کہ انکم ٹیکس 2لاکھ 37 ہزار 152روپے تھا۔جب کہ بلاول کے والد آصف علی زرداری اپنے بیٹے سے زیادہ غریب ہیں ان کے کل اثاثوںکی مالیت 75کروڑ86لاکھ 60ہزار روپے ہے۔تاہم انہوں نے اپنے بیٹے سے زیادہ ٹیکس ادائیگی کی ہے۔زرداری نے 2017کے دوران 2کروڑ 27لاکھ روپے ٹیکس ادائیگی کی تھی، جس میں 20لاکھ 60ہزار روپے کا انکم ٹیکس اور 2کروڑ روپے کا زراعتی ٹیکس شامل ہے۔سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ برس 32لاکھ 60ہزار روپے ٹیکس ادا کیا جس میں 24لاکھ 50ہزار روپے زراعتی ٹیکس اور 7لاکھ 16ہزار 113روپے انکم ٹیکس شامل ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 2017میں صرف 4لاکھ 20ہزار روپے ٹیکس ادا کیا ، جس میں 3لاکھ 10ہزار روپے زراعتی ٹیکس ، جب کہ ان کا انکم ٹیکس صرف 1لاکھ3ہزار 763روپے تھا۔عمران خان کی آمدنی 47لاکھ روپے تھی ، جب کہ انہوں نے اپنے اثاثوں کی قیمت بھی ظاہر کی تھی جس میں بنی گالہ محل کی 3کروڑ86لاکھ 90ہزار روپے کی قیمت بھی شامل تھی۔
تازہ ترین