• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہی خاندان آج لیڈی ڈیانا کی سالگرہ منائے گا


برطانوی شاہی خاندان میں آج لاکھوں ،کروڑوںدلوں پر راج کرنے والی برطانوی شہزاد ی لیڈی ڈیاناکی57 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔

یکم جولائی 1961کو نورفوک انگلینڈ میں جنم لینے والی شہزادی ڈیانا کی زندگی خوشیوں اور غم کا ملاپ تھی جو مسکرائیں تو ہزاروں دیکھنے والوں کے چہرے کھل اٹھتے اور جب روئیں تو ان کے چاہنے والے بھی ان کے ساتھ غمزدہ ہوگئے ۔

شاہی خاندان آج لیڈی ڈیانا کی سالگرہ منائے گا

کسے معلوم تھا کہ برطانیہ کے قدامت پسند نظام میں پیدا ہونے والی ڈیانا فرانسس اسپینسر ایک دن دنیا کی معروف اور مقبول ترین شخصیت بن جائیں گی۔

ڈیانا کی شہرت کا سورج برطانوی شہزادہ چارلس سے منگنی کے بعد طلوع ہوااورپھر شادی سے شاہی سفر کا آغاز کیا تو لوگوں نے اسے خوشیوں اور خوابوں کے سفر سے تعبیر کیا۔ دو بیٹوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی ولادت ہوئی اور وہ تخت و تاج کو مستقبل کے بادشاہ دینے میں کامیاب ہوگئیں۔

بظاہر سب صحیح لگ رہا تھا لیکن شہزادی ڈیانا اپنی ازدواجی زندگی کو کامیابی سے ہمکنار نہ کر پائیں۔ پہلے تو شہزادہ چارلس کی بے وفائی نے ڈیانا کا دل توڑا اور پھر ڈیانا نے خود بھی بے وفائی کر ڈالی۔

شاہی خاندان آج لیڈی ڈیانا کی سالگرہ منائے گا

ڈیانا اور چارلس کی زندگی میں کمیلا پارکر، جیمز گبلی، جیمز ہیوئیٹ اور لیگی بورک جیسے رقابت دار آئے۔ ڈیانا نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ناکام ازدواجی زندگی کا اعتراف بھی کیا۔

لیڈی ڈیانا نے اپنی ذاتی زندگی کی ناچاقیوں سے دل برداشتہ ہو کر خود کو فلاحی سرگرمیوں میں مصروف کر لیا اور کبھی بارودی سرنگوں کا معاملہ اٹھایا تو کبھی ایڈز کے خاتمے پر لب کشائی کی۔ڈیانا کی زندگی کی طرح موت بھی میڈیا کے لیے سب سے بڑی خبر بن گئی جب 31 اگست 1997 کو ڈیانا پیرس کے ہوٹل سے اپنے دوست دودی الفائد کیساتھ روانہ ہوئیں تو ایک بار پھر میڈیا کی زد میں تھیں۔

شاہی خاندان آج لیڈی ڈیانا کی سالگرہ منائے گا

سفر شروع تو ہوا لیکن ڈیانا منزل تک نہ پہنچ سکیں اور ان کی گاڑی خطرناک حادثے کا شکار ہوکر مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ حادثے میں شہزادی کیساتھ ان کے دوست بھی جان کی بازی ہار گئے۔

پریوں کی شہزادی کی یہ داستان اپنے پیچھے کئی سوال چھوڑ گئی جن کے جواب کا آج بھی ان کے چاہنے والوں کو انتظار ہے۔

تازہ ترین