• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں پارکوں کے جھولے 3؍ دن کیلئے بند، عسکری پارک سیل

سندھ میں پارکوں کے جھولے 3؍ دن کیلئے بند، عسکری پارک سیل

کراچی (جنگ نیوز) جھولا گرنے کے بعد پولیس نے عسکری پارک کو سیل کردیا۔ چیف سیکرٹری کے احکامات پر سندھ بھر میں پارکوں میں جھولے تین دن کیلئے بند کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معائنے کے بعد جھولوں کو کھولا جائیگا، جبکہ آئی جی سندھ نے پارک انتظامیہ سے کہا ہے کہ انکوائری میں تعاون کرے۔پو لیس نے پارک انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ جھولا اپنی جگہ سے نہیں ہٹایا جائے، پہلے جائزہ لیاجائے گا جسکے بعد اعلیٰ افسران کی ہدایت پر پارک کھولا جائے گا۔ اسکے علاوہ چیف سیکرٹری سندھ اعظم سلیمان کے احکامات پر صوبے بھر کے پارکوں میں جھولے تین روز کےلیے بند کر دیئےگئے۔ انہوں نے کہا تین روز میں ٹیکنیکل انسپیکشن کے بعد جھولوں کو کھولا جائے گا۔ آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے ایس ایس پی ایسٹ کو فوری ریسکیو اقدامات کی ہدایات کردی ہے۔انہوں نے ہدایات دی ہیں کہ واقعے کی انکوائری کیلئے پارک انتظامیہ کا تعاون یقینی بنایا جائے۔ دریں اثناء کراچی کے تمام پارکوں کو اس وقت نہ کھولا جائے جب تک ان کا مکمل سیفٹی آڈٹ نہ ہو جائے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی کے تمام پارک غیر محفوظ ہیں ان کی کوئی انشورنس نہیں ہوتی جبکہ دنیا بھر میں جھولوں کی تنصیب کا سیفٹی آڈٹ باقاعدہ کمپنیاں کرتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر کے تمام پارک بند کر کے پہلے انکے محفوظ ہونے تعین کیا جائے کیونکہ بیشتر پارکوں میں جھولے لوکل فٹر نے نصب کئے ہیں۔دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ یونیورسٹی روڈ سے سبزی منڈی کوسپر ہائی وے منتقل کرنے کے بعد سٹی گورنمنٹ نے خالی ہونے والی جگہ پر آرمی سے پارک بنانے کی درخواست کی تھی اس وقت کے سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے یہ اقدام زمین کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنانے کیلئے کیا تھا جس کے بعد 2004 میں یہ پارک مکمل ہونے کے بعد عوام کیلئےکھولا گیا۔ بعد ازاں اس میں شادی ہال اور دو ماہ قبل جھولوں کا اضافہ کیا گیا۔

تازہ ترین