• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیم انور عباسی

’فطرت‘ انسان کی ازلی آغوش ہے، زمانہ کتنی بھی ترقی کرجائے درختوں، پھولوں، پہاڑوں، آبشاروں، دریاؤں اور جانوروں سے انسان کا پیار اور انسیت کم نہ ہوگی، جس کا ثبوت آج کی دنیا کے ترقی یافتہ شہروں میں بسنے والے لوگوں کا درختوں پر دیدہ زیب اور حیران کن مکانات بنا کر رہنے سے ملتا ہے۔ تاہم کچھ لوگوں کے لیے درختوں پر مستقل بسیرا کرنا زندگی کا معمول ہے، جیسےنیو گنی میں کورووائی قبائل کے لوگ درختوں پر مکان بنا کر مستقل رہتے ہیں۔یہ مکانات نہ صرف ان کی خوراک کو محفوظ رکھنے میں کارگر ہوتے ہیں بلکہ سیلاب کے دنوں میں ان کے مویشیوں کے لیے بھی محفوظ پناہ گاہ ہوتے ہیں۔ فطرت سے پیار کرنے والے ، بالخصوص مہم جوؤں، سیاحوں کے لیے رہائش گاہ اور ہوٹل کی صورت درختوں پر ایسے خوبصورت اور حیرت انگیز مکانات بنے ہوئے ہیں کہ انہیں دیکھ کر آپ کا دل بھی ضرور للچائے گا کہ یہیں زندگی بھر قیام کرلیں۔آج آپ کو ایسے ہی مکانات کے بارے میں بتاتے ہیں۔

جنگ نیوز

تین منزلہ ٹری ہاؤس

(برٹش کولمبیا،کینیڈا)

اسے برٹش کولمبیا کا بلند ترین شجر گھر مانا جاتا ہے، جہاں رہائش کا تجربہ بہت ہی شانداراور منفردہے۔ مہم جو یاخطروں سے کھیلنے والوں کے لیے یہ دلچسپ تجربہ ہوسکتا ہے۔

مسکوکا ٹری ہاؤس

(اونٹاریو، کینیڈا)

لوکاسز کوس کی جانب سے ڈیزائن کردہ یہ ٹری ہاؤس کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں واقع جھیل مسکوکا کے پاس لگےچار درختوں کے گھیرے میں تعمیر کیا گیا، جو اس طرح جھولتا ہے جیسے جاپانی فانوس ہوا کے دوش پر جھول رہے ہوں۔

درختوں پر بنے حیرت انگیز مکانات

ٹی ہاؤس ،ٹیٹسو (یاماناشی،جاپان)

ماہرِ تعمیرات تیرو نوبو فیوجی موری کا ڈیزائن کردہ یہ ٹری ہاؤس اختصار و فینٹسی کا حسین سنگم ہے۔اس کا اندرونی ڈیزائن سادہ مگر ماڈرن ہے جبکہ باہر سےیہ پریوںکی داستان کا کوئی حصہ لگتاہے۔

منسٹرز ٹری ہاؤس

(کراس وِل ٹینیسی،امریکا)

حویلی نما یہ100فٹ بلند اسٹرکچر دنیا کا سب سے اونچاٹری ہاؤس مانا جاتا ہے،جسے ہوریس برجیس کی جانب سے مکمل طور پر لکڑی سے بنایا گیا ہے۔

جنگ نیوز

یلو ٹری ہاؤس ریسٹورنٹ(نیوزی لینڈ)

نیوزی لینڈ کےشہرآکلینڈ میں واقع یلوٹری ہاؤس ریسٹورنٹ شاندار ظہرانے سے لطف اندوز کرتا ہے،جس کا سحر انگیز ماحول ڈنر کو چار چاند لگا دیتا ہے۔درختوں کے ساتھ جڑے ہوئے اس ہوٹل میں ایک ساتھ 18مہمان کھانا تناول کرسکتے ہیں۔

فنکا بیلا وستا ٹری ہاؤس (کوسٹاریکا)

یہ ٹری ہاؤس کوسٹاریکا میںاپنی مدد آپ کے تحت خود کو مستحکم بنانے اور موحول کو آلودگی سے بچانے کیلئے فِنکا بیلا وستا کمیونٹی کی مہم کا حصہ ہے۔اس پوری برادری کے پاس600 ایکڑ اراضی ہے، جسے وہ ماحول دوست ٹری ہاؤسز پروجیکٹ کیلئے وقف کرنا چاہتی ہے تاکہ انسان فطرت کے بنےاپنے اصل گھر میں زندگی گزارے۔

درختوں پر بنے حیرت انگیز مکانات

سینئرسینٹرٹرنڈ ٹری ہاؤس(گھینٹ،بیلجیم)

بیلجیم میں اس مجسمہ نما ٹری ہاؤس کوآرٹ فیسٹیول ٹریک کے لیے بنایا گیا تھا۔اس کے عقب میں اسی ڈیزائن کےمکانات کی قطار دیکھ کر دیکھنے والے پہلی نظر میں چونک جاتے ہیں کہ ایک مکان اپنی جگہ سے کھسک کر درخت پر کیسے چڑھ گیا؟

فری اسپرٹ اسپیئرٹری ہاؤسز(کینیڈا)

اس خوبصورت اور انوکھے گھر کو دیکھ کر آپ کا یہاں وقت بتانے کودل للچائے گا،جس کی شبیہ گیند کی سی ہے۔یہاں قیام کرکے آپ حقیقی معنوں میں تخیل کو مہمیز دے کر ایک اچھا افسانہ اور ناول لکھ سکتے ہیں۔ادیبوں کے لیے اس سے بڑھ کر گوشہ سکون اور نہیں ہوگا۔

ہیم لوفٹ ٹری ہاؤس (وہسٹلر،کینیڈا)

سافٹ ویئر ڈیولپرجوئل ایلن نے اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد منفرد اور ٹھنڈا مکان بنانے کے لیے بڑھئی کا پیشہ اپنا لیا۔انہوں نے کینیڈا کے گھنے اور خاموش جنگلات میںکیپسول کی مانند اپنا لکڑی کا درخت بنایا تو اسے یہ ذرا بھی توقع نہ تھی کہ ان کے اس گھر کو بین الاقوامی ڈیزائن میگزینز اپنے تصاویری فیچرز میں شامل کریں گے۔انہوں نے تو محض فطرت سے ہم کلام ہونے کے لیے یہ گھر بنایا تھا۔

جنگ نیوز


ٹری ہاؤس (جاپان)

تاکاشی کوبایاشی کی جانب سے ڈیزائن کردہ اس ٹری ہاؤس کو دیکھ کر لوگ حیران ہوتے ہیں کہ اتنے باریک درختوں کے درمیان اسے کیسے بنایا گیا ہے۔

مرر ٹری ہاؤس(سویڈن)

نظروں سے اوجھل ہونے والا شیشے نما یہ درخت کاگھر چھپن چھپائی کھیل کے لیے بہت موزوں ہوسکتا ہے۔یہ مرر ہاؤس سویڈن کے شمال میں واقع ٹری ہوٹل پروجیکٹ کا حصہ ہے، جس کی پراسراریت بھی کسی سے کم نہیں۔

ٹری ہاؤس(سیٹل، امریکا)

اگر ٹری ہاؤسز پریوں کی داستان نہیں ہیں تو بھی یہ ٹری ہاؤس آپ کو پریوں کے دیس میں لےجانے کے تمام وعدے پورے کرتا ہے۔اسے درختوں کی آغوش میںپل کے اوپر بنایا گیا ہے ۔

درختوں پر بنے حیرت انگیز مکانات

پرندے کا گھونسلہ نما شجر آشیانہ (سویڈن)

ٹری ہوٹل والوں کی جانب سے بنائے گئے اس شجر آشیانے کو دیکھ کر انسانوں سے زیادہ پرندے دھوکہ کھا جاتے ہیں کہ کہیں یہ ان کا آشیانہ تو نہیں۔

یو ایف او ٹری ہاؤس(سویڈن)

خلائی مخلوق کی اڑن طشتریوں کی شکل کا یہ ٹری ہاؤس اپنی شباہت کے لحاظ سے مکمل طور پر ان سائنس فکشن موویز کی یاد دلاتا ہے جن میں خلائی مخلوق کے زمین پر حملے کو دکھایا جاتا ہے۔اگر آپ اس سحرمیں ڈوبنا چاہتے ہیں تو ایک رات اس مکان میں بسر کرکے دیکھیں۔ اس ٹری ہائوس کی خصوصیت یہ ہے کہ اسے خلائی مخلوق کے من پسند نیلے رنگ کی روشنیوں سے اس طرح آویزاں کیا گیا ہے کہ آپ کو گمان ہوتا ہے کہ ابھی کوئی خلائی مخلوق آئی۔





تازہ ترین