بالی ووڈ اسٹارسلمان کی خان فلم ’بھارت‘ آئندہ سال ریلیز ہونے والی فلموں میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، فلم کی شوٹنگ اپنے عروج پر ہے ، ڈائریکٹر علی عباس ظفر فلم کے سیٹ سے شوٹنگ کی تصاویرسوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہتے ہیں۔
بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سلمان خان کا اینٹری سین اور دیشا پٹانی پر ایک ڈانس نمبر بھی فلمایا گیا ، جس میں فلم کے ڈائریکٹر نے سلمان خان کے مخصوص چارٹ بسٹرکے تمام عناصر کی موجودگی کو یقینی بنایا ہے۔
اخبار کے مطابق قریبی ذرائع نے گانے کی تفصیلات کے بارے میں انکشاف کیا ہے کہ ’سلو موشن‘ کے ٹائٹل پر مبنی گانا ممکنہ طور پر بالی ووڈ کا سب سے بڑا ڈانس نمبر ہوگا، جس کے پس منظر میں 500 ڈانسرز پرفارم کریں گے۔
چونکہ گانے میں 60ء اور 70ء کی دہائی کے سرکس کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے لہٰذا سلمان خان نےاس میں آگ کے ہالے سے انٹری سمیت بعض نڈر کرتب کا مظاہرہ کیا ہے۔
فلم ’بھارت‘ جنوبی کوریا کی فلم ’Ode To My Father‘سے ماخوذہے، جو بھارت میں پنجاب اور دہلی کے ساتھ ساتھ ابوظبی اور اسپین کے مختلف مقامات پر فلمائی گئی ہے۔
فلم آئندہ سال عید پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔