• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 سینٹری ویئرکے نئے رجحانات

ہر گھر میں ٹی وی لاؤنج اور بیڈ روم کے بعد سب سے زیادہ آمد ورفت کی جگہ واش روم ہی ہوتی ہے۔ گھر میں واش روم کا ہونا بنیادی ضرورت ہے، جہاں پاک صاف ہونے اور انسانی حاجات کی تکمیل کی جاتی ہے۔ ایک جدید اورباسہولت واش روم آپ کاقیمتی وقت بچاتا ہے، وہیں آپ کی صحت اور تندرستی کے ليےمحفوظ ماحول بھی فراہم کرتا ہے۔ انسانی صحت کا صفائی کے ساتھ گہرا اور حقیقی تعلق ہے جو کہ سائنسی طورپر ثابت شدہ بھی ہے۔ سائنسی انداز کو اپناتے ہوئے کئی بڑے برانڈز مارکیٹ میں اپنی اجارہ داری بھی قائم کرچکے ہیں۔ بہرحال، ایک ایسی جگہ جہاں روزانہ آپ نے کچھ وقت گزارنا ہوتاہے تو کیوں نہ وہاں نئے اور جدید ٹرینڈز روشناس کروائے جائیں۔

آج کل بہت دلکش،استعمال میں آسان اور کم جگہ گھیرنے والے سینٹری ویئرز آرہے ہیں، جو مختلف رنگوں اور مٹیریل میںدستیا ب ہیں، مثلاًآپ اپنے واش روم میں منفرد نلکے اور پیالہ نما بیسن نصب کرواکے خوبصورت زاویے سے بڑاآئینہ لگاسکتے ہیں، جو آپ کے واش روم کو کشادہ دکھائے گا۔

واش بیسن کی تنصیب اورپانی کی نکاسی توجہ طلب کام ہے۔ اس قسم کے واش بیسن جگہ کی بچت کے ساتھ پائيدار اور مضبوط بھی ہوتے ہیں، ساتھ ہی ایک چھوٹے خاندان کی تمام ضرورتیں پوری کرنے کے لیے کافی ہوتے ہیں۔

کسی بھی غسل خانے میں جدید اندازکی سینٹری فٹنگ میں سب سے نماياں واش بیسن اورنہانے کا انتظام ہوسکتا ہے۔ پانی کے انتظام کو نمی اورسیپ سے بچانے کے لیے اپنے پسندیدہ رنگ والی ٹائلوں سے ڈھانپا جاسکتاہے جبکہ دیواروں کو خوبصورت انداز میں پہاڑی پتھروں کی طرز پرسجایا جاسکتاہے۔

 سینٹری ویئرکے نئے رجحانات

سنہرے رنگ کی ٹائلوں، واش بیسن، کموڈ اور دیگر سامان پرمشتمل واش روم حسن انتظام کے ساتھ ساتھ حسن امتزاج کا بھی نمونہ دکھائی دیتاہے۔ خصوصاً نہانے کے انتظام کو ایک شیشے کی دیوار کے ذریعےواش بیسن اور کموڈ سے جداکرکے لگایاجاسکتاہے۔

جدیدطرز اورماہرانہ فنکاری کے ساتھ تعمیرکیے گئے واش روم کا انداز ہی الگ ہوتاہے۔ واش بیسن کے ليے مخصوص گوشے اور جدیدانتظام جبکہ باتھ ٹب کی اُونچی اور محفوظ تنصیب نیا خیال ہوسکتا ہے۔ بعض واش روم میں باتھ ٹب کو شیشے کے فریم کے ساتھ محفوظ کیا جاسکتا ہے۔

ٹائلوں اور فرش کے امتزاج سے مزین غسل خانے میں ٹائلوں سے خوبصورت فریم بنائے جاسکتے ہیں جبکہ واش بیسن کوالماری اور درازوں کے اوپر نصب کرنا بھی ایک منفرد خیال ہوسکتاہے ۔ باتھ ٹب کے احاطے کوٹائلوں سے محفوظ بنایا جاسکتاہے، تاکہ دیواریں پانی کے چھینٹوں اور نمی سے محفوظ رہیں۔

لکڑی کے رنگ والے واش روم میں نہانے کی جگہ کو شیشے کی دیوار سے کور کیا جاسکتا ہے۔ سفید ٹائلوں سے بنے واش بیسن اور خوبصورت چمکدار رنگ وروغن کے ذریعے واش روم میں دلکشی آجاتی ہے۔

نہانےکا کیبن شیشے کا بھی ہوسکتا ہے، ساتھ ہی لکڑی کے طاقچوں میں بیل بوٹوں کی سجاوٹ اور بھی قابل دید لگتی ہے۔

اگر غسل خانہ کشادہ ہے تو نیلے رنگ کے گملوں کے پس منظر میں خوبصور ت غسل خانے کا منظر نمایاں لگتاہے۔ شیشے کے کیبن اور واش بیسن وغیرہ کے ليے وسیع انتظام، وسیع غسل خانے کے شایان شان ہو سکتاہے۔

روشنی کے خوبصورت انتظام کے ساتھ دیواروں پرسفید رنگ اور واش بیسن کا بھورا رنگ ایک منفرد اور مثالی آرٹ کے طور پر سامنے آ سکتاہے ۔

آئینوں اور شیشوں سے سجے واش روم میں واضح اور جاذب نظر چیز یں مثلاً خوبصورت ماربل کے واش بیسن، کموڈ اورباتھ ٹب لگا سکتے ہیں۔

لکڑی کے رنگ والے ٹائلز سے مزین فرش کے ساتھ شیشےکے خوبصور ت انداز سے واش روم کو منفرد اور ممتاز بنا یا جاسکتا ہے۔

سبزی مائل خوبصورت سلیٹی ٹائل اور ان پر بنے جیومیٹری کے جاندار ڈیزائن واش روم میں موجود بیسن اور کموڈ کو کمپلیمنٹ کرسکتےہیں۔

واش بیسن کے انوکھے اندازکے ساتھ دیواروں پر خوبصورت پینٹنگز یا تصویروں کےذریعے غسل خانے کو منفرد بنانے کی کامیاب کوشش کی جاسکتی ہے۔

خوبصورت اور رنگین آئینوں کے ساتھ اسی رنگ کے شیشوں سے بنے فریم ایک عمدہ منظرپیش کر سکتے ہیں، خصوصاً جب روشنی کے انعکاس سے غسل خانے کے دیگر تنصیب شدہ سامان پر رنگین روشنی پڑتی ہو۔

خوبصورت پالش شدہ ماربل کے چمکدار ٹائلوں کو گیلا ہونے سے بچانےکے ليے ان پر میٹ کا انتظام کیا جاسکتا ہےاور روشنی کے شاندار زاویوں سے اس وسیع، صاف وشفاف اور نفیس غسل خانے کومنفردز انداز دیاجاسکتاہے۔

واش بیسن اور سینٹری فٹنگ کے پیچھے شیشے کے کیبن میں غسل خانے کا انتظام خصوصاً سردیوں کے موسم میں ایک شاندار سہولت ہے۔ گیزر کی گرمی سے جلد گرم ہونے والا چھوٹا سا کیبن ایک پرسکون غسل کے ليے آسان اورکفایتی ہو سکتاہے۔

تازہ ترین