• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ ، قومی کرکٹ ٹیم میں حفیظ کی واپسی اچھے رویے سے مشروط

 کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) عید کے فوراً بعد پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر لاہور پہنچ رہے ہیں جہاں وہ قومی سلیکشن کمیٹی سے مشاروت کر کے ایشیا کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کے انتخاب پر صلاح مشورے کریں گے۔ مکی آرتھر ان دنوں چھٹیوں پر اپنے گھر پرتھ میں ہیں ۔ ان کی لاہور واپسی ہفتے کو متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کو ون ڈے سیریز میں پانچ صفر سے شکست دینے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے البتہ آل رائونڈر محمد حفیظ کی پاکستان ٹیم میں شمولیت ان کے رویے سے مشروط ہے۔ اگر عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس کر گئے تو انہیں ایک اور آل رائونڈر محمد نواز کی جگہ پاکستان ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم 28اگست سے چار دن کے لئے ایبٹ آباد جائے گی جہاں پہاڑی علاقے میں فٹنس کی بہتری کے لئے کیمپ لگایا جائے گا۔ تین ستمبر سے لاہور میں دس روزہ باضابطہ فٹنس کیمپ لگایا جائے گا اور کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی ون ڈے سیریز میں پاکستان کی سولہ رکنی ٹیم تھی۔ اس ٹیم سے لیگ اسپنر یاسر شاہ کو ایشیا کپ کی ٹیم سے ڈراپ کردیا جائے گا ۔ عماد کو شامل کرکے پندرہ کھلاڑیوں کو ایشیا کپ کے لئے منتخب کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر رومان رئیس کی انجری شدید نوعیت کی ہےانہیں ابھی تک پاکستان ٹیم میں آنے اور مکمل فٹ ہونے میں وقت درکار ہے۔ سب سے بڑا مسئلہ محمد حفیظ کا رویہ ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق حفیظ کے ساتھ میٹنگ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ میڈیا کو خبریں دینے کے بجائے کھیل پر توجہ مرکوز کریں۔ محمد حفیظ کو کہا جائے گا وہ ٹیم کا حصہ ہیں اور سوشل میڈیا اور میڈیا میں جاکر سلیکشن کمیٹی اور بورڈ کو متنازع بنانے سے گریز کریں۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں محمد حفیظ کی ’’ا ے‘‘ کیٹگری سے ’’بی‘‘ کیٹگری میں تنزلی کردی گئی تھی جس پر انہیں شدید تحفظات تھے۔ جواب میں محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہمیشہ عزت اور جذبے کے ساتھ پاکستان کے لیے کھیلا ہوں۔ کبھی پیسے کے لیے نہیں کھیلا۔ ملک کی خدمت کرنا چاہتا ہوں چاہے سی کیٹیگری میں ہوں یا ڈی میں۔

تازہ ترین