• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی کوریا میں یوٹیوبر کو لائیو اسٹریم کے دوران قتل کردیا گیا

تصویر بشکریہ غیرملکی میڈیا
تصویر بشکریہ غیرملکی میڈیا

جنوبی کوریا میں یوٹیوبر کو لائیو اسٹریم کے دوران ایک شخص نے چاقو سے حملہ کر کے قتل کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حملہ کرنے والا بھی مقامی مشہور یوٹیوبر تھا۔ مقتول کی جانب سے حملہ اور شہرت کو نقصان پہنچانے کی شکایات پر مقدمے کی سماعت شیڈول تھی جس کے لیے دونوں افراد عدالت پہنچے تھے۔

رپورٹس کے مطابق دونوں افراد کے درمیان آن لائن جھگڑا ہوا تھا اور یہ تنازع کافی سالوں سے چل رہا تھا جس پر ملزم نے چاقو سے حملہ کیا۔

مقامی پولیس کے مطابق زخمی یوٹیوبر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی جبکہ حملہ آور کو فرار ہونے کے کچھ ہی دیر بعد گرفتار کرلیا گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد ملزم نے اپنے چینل کے کمیونٹی سیکشن میں لکھا کہ میں اپنے سبسکرائبرز سے معذرت خواہ ہوں جنہوں نے میری حمایت کی لیکن میں کسی ایسے شخص کو معاف نہیں کر سکتا جس نے دوسرے لوگوں کی خوشیوں کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔

ملزم نے لکھا کہ میں بہانے نہیں بناؤں گا، میں اپنے کیے کی ذمہ داری لیتا ہوں۔

پولیس کے مطابق حملہ کرنے والے یوٹیوبر نے منصوبہ بندی کے ساتھ حملہ کیا، اس نے اسی مقصد کے لیے چھری خریدی تھی اور فرار ہونے کے لیے گاڑی کرائے پر لی تھی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید