• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی حکومت نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے مذاکرات کی دعوت کے بیان کی تردید کردی ہے ۔

بھارتی میڈیا نے اپنی حکومت کے حوالے سے رپورٹ میں کہا ہےکہ جس خط کا ذکر پاکستانی وزیر خارجہ نے پریس بریفننگ میں کیا ہے ،وہ صرف اچھے تعلقات کی خواہش کے اظہار پر مبنی ہے ۔

بھارتی میڈیا نے کہا کہ نئی دہلی میں براجمان حکومت نے کہا ہےکہ نریندر مودی نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو مذاکرات کی دعوت نہیں دی ہے ۔

بھارتی میڈیا نے چند روز کے دوران نریندر مودی کی حکومت کی طرف سے عمران خان کو ٹیلی فون کال اور پھر خط بھیجے جانے کو اہم بات قرار دیا ہے ۔

آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے عہدے کے حلف اٹھانے کے بعد دفتر خارجہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے ملکی خارجہ ،داخلی اور معاشی چیلنجز پر کھل کر بات کی تھی اور اسی دوران انہوں نے بھارت سے مذاکرات کی دعوت ملنے کا انکشاف بھی کیا تھا ۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا تھاکہ بھارت کے ساتھ دیرینہ مسائل کا ادراک ہے، بھارتی وزیر خارجہ کے لیے میرا پیغام ہے کہ کشمیر پاکستان اوربھارت میں تنازعات کی بنیادی وجہ ہے، دونوں ممالک ہمسائے اور ایٹمی قوت ہیں، بھارت سے تسلسل کے ساتھ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ماہ اقوام متحدہ کا اجلاس ہونے والا ہے، بیرون ممالک پاکستان کے سفیر حاکم نہیں ہیں، ملک کو عالمی تنہائی سے نکالنے کے لیے اقدامات کریں گے، پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے۔

تازہ ترین