• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران مقامی سطح پر تیارہ کردہ لڑاکا طیارہ منظر عام پر لے آیا

تہران (جنگ نیوز) ایران نے ریاستی ٹی وی چینل پر مقامی سطح پر تیار کردہ لڑاکاطیارہ دکھایا ہے جس کے کاک پٹ میں صدر حسن روحانی بیٹھے ہوئے ہیں۔اس لڑاکا طیارے کو منگل کو یوم دفاع کے روز نیشنل ڈیفنس انڈسٹری کی نمائش میں دکھایا گیا۔ اس جہاز کا نام ’کوثر‘ رکھا گیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھاکہ امریکا اب ایران پر حملہ نہیں کر سکتاہے۔ایرانی فائٹر جیٹ طیارے میں جدید فائر کنٹرول سسٹم اس کی اہم خصوصیات میں شامل ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق یہ فورتھ جنریشن جہاز ہے اور اس میں جدید ایوی اونکس اور ریڈار نصب ہیں۔ریاستی ٹی وی کا کہنا ہے کہ اس جہاز کے کامیاب تجربے ہوئے ہیں اور نمائش کے دوران اس جہاز کو رن وے پر کھڑا دکھایا گیا۔اس جہاز کے بارے میں وزیر دفاع عامر حاتمی نے ہفتے کو اعلان کیا تھا۔ایران کے وزیر دفاع جنرل عامر حاتمی نے کہا ہے کہ ایرانی شہری آئندہ بدھ کو جنگی جہاز کو فضاؤں میں دیکھ سکیں سکے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے حوالے سے بتایا کہ جنرل عامر نے کہا کہ’ ہم دفاع کے قومی دن کے موقع پر جنگی جہاز کو پیش کریں گے اور لوگ اس کو پرواز کرتے اور اس کے لیے تیار کردہ آلات کو دیکھ سکیں گے۔‘انھوں نے اس کے ساتھ اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران کی اولین ترجیح میزائل کی صلاحتیوں کو بڑھانا ہے۔خیال رہے کہ ایران کی جانب سے حالیہ دنوں جنگی صلاحیتوں میں اضافے کے اعلان ایک ایسے وقت کیے جا رہے ہیں جب امریکی صدر کی جانب سے بین الاقوامی جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد اقتصادی پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔صدر ٹرمپ کے اس فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات مزید تلخ ہو گئے ہیں اور خلیج میں ایرانی اور امریکی بحریہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔بدھ کو ایران کے ذرائع ابلاغ نے بتایا تھا کہ ایرانی بحریہ نے پہلی بار مقامی سطح پر تیار کیے گئے دفاعی نظام کو بحری جنگی جہاز پر نصب کیا ہے۔
تازہ ترین