• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوئے او بے صبرو ! صرف چھ ماہ ٹھہر جائو، جہاں 70سال انتظار کیا صرف چھ ماہ اور، سب کچھ بدلنے والا ہے۔

اوئے او مایوسیاں پھیلانے والو! سن لو ہمارے لیڈر کی نیت ٹھیک ہے یہ پہلا حکمراںہے جو ایماندار ہے اس کی نیت میں کوئی شک نہیں، جب لیڈر ایماندار ہے تو پھر سارا ملک بھی ٹھیک ہو جائے گا۔

اوئے او جلد بازو! رک جائو، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فوج، عوام اور حکمراں ایک صفحے پر۔ ایٹمی پاکستان کو پہلی بار جرأتمند وزیراعظم ملا ہے وگرنہ اس سے پہلے کے تمام حکمراں تو امریکہ اور مغرب سے مرعوب ہو جاتے تھے، عمران آنکھوں میں آنکھیں ڈال کے بات کرے گا۔ اب امریکہ ہمیں ڈو مور نہیں کہہ سکے گا، ہم اسے ڈو مور کہیں گے، ہمارا وزیر خارجہ اب شاہ محمود قریشی ہے جس نے امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس پر کسی بھی قسم کی مصالحت کرنے سے انکار کر دیا تھا اور مستعفی ہو کر ثابت کر دیا تھا کہ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جنہیں عہدوں کی پروا نہیں جو ملک کے مفادات کو ان عہدوں پر ترجیح دیتے ہیں۔

اوئے او بیوقوفو! آپ کا لیڈر اس قدر عقلمند ہے کہ اس نے نوجوت سنگھ سدھو سے وہ کام لے لیا ہے جو کوئی اور نہیں لے سکا تھا۔ بھارت عمران کی عقل و دانش سے پریشان ہے، کیرالہ میں طوفان کے متاثرین کی امداد کا اعلان کرکے عمران نے مودی کو آئوٹ کر دیا ہے۔ واہ رے عمران، تیری سفارتکاری ایک ہی جھٹکے میں امریکہ اور بھارت کو بتا دیا کہ اب ایک باغیرت حکمراںآچکا ہے اب پرانی پالیسیاں نہیں چلیں گی۔آزاد خارجہ پالیسی ہوگی کسی اور طاقت کی کاسہ لیسی نہیں ہوگی بلکہ ہر ملک سے برابری کی سطح پر تعلقات قائم کئے جائیں گے۔

اوئے اوخوفزدہ لوگو! صرف 180دن اور انتظار کرلو، اسد عمر فنانس کو ٹھیک کر دے گا۔ آئی ایم ایف سے قرضے لئے بغیر ہم ملک چلا کر دکھا دیں گے۔ بیرون ملک آباد پاکستانی، قانونی طریقوں سے رقوم پاکستان بھیجیں گے۔ یہاں اب اوورسیز کی وجہ سے ہن برسے گا کیونکہ ان کی پسندیدہ اور شفاف حکومت برسراقتدار آچکی ہے، جب فضول خرچی نہیں ہوگی، ٹیکس بڑھے گا۔ ہر ادارہ اور ہر شخص بچت کرے گا تو لازماً ملک کی معاشی حالت بہتر ہو جائے گی۔ ملک کی اصل بیماری حکمرانوں کے اللّے تللّے تھے وہ رک گئے ہیں اب سب ٹھیک ہو جائے گا۔

اوئے اوڈاکو لوگو! گھبرانے کی ضرورت نہیں ہمیں صرف 100 ایکسپرٹ لوگ چاہئیں۔ عمران خان نے دنیا بھر کے ایسے 100 پاکستانیوں کی فہرست بنا رکھی ہے جو اپنے تجربے اور ویژن کو بروئے کار لا کر ملک کی حالت بدل دیں گے۔ پی آئی اے ہو یا سوئی گیس یا دیگر سرکاری ادارے، 70 سال بعد ان میں انقلابی تبدیلی آنی والی ہے۔ اب یہ ادارےنقصان کے بجائے منافع دیں گے۔ 1100 ارب روپے سالانہ ان سرکاری کارپوریشنز کا نقصان تھا جب یہ نقصان ختم ہوگا تو سالانہ 1100 ارب روپے تو ان ہی سے بچ جائیں گے۔

اوئے او مظلومو سنو!جس طرح خیبر پختونخوا میں پولیس کلچر بدلا تھا اسی طرح پورے پاکستان میں یہ کلچر بدل جائے گا۔ پختونخوا کے سابق آئی جی درانی صاحب پنجاب میں پولیس کلچر بدلنے کے لئے لائے جا چکے ہیں اب پولیس کسی سے زیادتی نہیں کرسکے گی۔ تھانہ کلچر بدلے گا، اب بدتمیزی نہیں ہوگی۔

اوئے او غریبو! تم بھی سنو!! پاکستان میں مہنگائی ختم ہونے کا وقت آچکا ہے۔ رزاق دائود برآمدات کو بڑھائے گا، پھل اور سبزیاں بیرون ملک بھیجے گا، تجارتی خسارہ کم ہوجائے گا۔ چھ ماہ کے اندر ملک میں تبدیلی آئے گی، غریبوں کی سنی جائے گی۔

اوئے! یہ بھی سنو کہ تعلیم اور صحت کا نظام بھی ٹھیک ہونے والا ہے۔ تعلیمی ایمرجنسی نافذ ہوگی، شریفوں نے تو سارا پیسہ میٹرو اور جنگلہ بس پر خرچ کر دیا، صحت اور تعلیم کی طرف توجہ تک نہیں دی۔

اوئے! پروٹوکول اور وی وی آئی پی کے خلاف مہم چلانے والو سن لو، سب کچھ بدل رہا ہے، وزیراعظم اپنے طیارے پر سفر نہیں کریں گے۔ وزیراعظم چیف جسٹس اور صدر پاکستان فرسٹ کلاس میں سفر کرنے کے بجائے بزنس یا کلب کلاس استعمال کریں گے، صوابدیدی فنڈز ختم کر دیئے گئے ہیں، آئندہ تمام اخراجات پارلیمان سے بجٹ کی منظوری کے بعد ہوں گے، تبدیلی آچکی ہے، چھ ماہ ٹھہریں سب کچھ بدل جائے گا۔

اوئے اوئے! یہ اعلان بھی سن لو، اب قومی تہوار اور تقریبات بھی تبدیل ہوں گی۔ اس بار یوم دفاع بھی مختلف طریقے سے منایا جائے گا۔ یوم آزادی پر اس بار نیا رنگ نظر آیا۔ فوج، عوام اور حکمراں اسی طرح ایک صفحے پر رہیں گے تو پاکستان چھ ماہ میں ہی بدل جائے گا۔ 

اوئے او مصلحت پسندو! تم بھی سن لو یہاں ہر ایک کا احتساب ہوگا، کرپشن سے کمائی گئی پائی پائی کا حساب ہوگا۔ بیرون ملک سے اثاثے واپس لائیں گے، کوئی این آر او نہیں ہوگا، اب ایمانداری راج کرے گی، اب سوئس بینکوں میں پڑی دولت واپس آئے گی اور سب مسئلے مسائل ختم ہو نگے۔

اوئے او! ہماری صلاحیتوں پر شک کرنے والو سن لو! کپتان کو خدا نے بندوں کی پہچان کی صلاحیت دے رکھی ہے وہ جو بھی بندہ چنتا ہے بہت ہی صحیح چنتا ہے۔ صدر پاکستان کے لئے اگر کپتان نے عارف علوی کو چنا ہے تو ٹھیک ہی چنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا انتخاب بھی کپتان کی نگاہ دور بین نے درست ہی کیا ہوگا۔ آج تک کپتان ٹھیک نکلا ہے تو کل بھی کپتان ہی ٹھیک نکلے گا۔ کپتان کو خدا تعالیٰ نے بے شمار صلاحیتیں دے رکھی ہیں۔ وہ پاکستان کے لئے ایک معجزہ بن کر آیا ہے۔ وہ ناممکن کو ممکن کرکے دکھائے گا، بس چھ ماہ اور، پھر دیکھئے گا اس ملک کے حالات کیسے بدلتے ہیں۔

اوئے او معجزوں کا انتظار کرنے والو! سنو، معجزے ہونے کا وقت آگیا ہے۔ عمران کو پہلے سے ہی علم ہوگیا تھا کہ اس کی 116 سیٹیں آئیں گی، اسے یہ بھی بتا دیا گیا تھا کہ اگلا وزیراعظم وہی ہوگا۔ عمران کو یہ بھی علم ہے کہ پاکستان کے حالات بہتر ہونے والے ہیں کیا یہ معجزہ نہیں کہ جس پاکستان میں کوئی غیر ملکی دورہ کرنے نہیں آرہا تھا اچانک امریکہ، چین، تہران اور افغانستان کے وزرائے خارجہ فوراً آنا چاہتے ہیں۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یورپ کے کئی ممالک بھی پاکستان کے معاملات میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

سنو لوگو سنو! نہ صرف دنیاوی کامیابی ملے گی بلکہ روحانی راستے سے بھی مدد آئے گی، موکل بھی مدد کریں گے، غیبی شکل میں بھی ہمیں فائدہ پہنچے گا۔ 70سال کی دعائیں رنگ لے آئی ہیں، بس چھ ماہ اور انتظار کرلو، سب کچھ ٹھیک ہونے جا رہا ہے، صرف چھ ماہ!!!۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین