• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ، وزیراعظم کے تقریر کرتے ہی چلے جانے پر اپوزیشن کا واک آئوٹ، کورم ٹوٹ گیا

اسلام آباد(صباح نیوز) ایوان بالا میں اپوزیشن ارکان نے وزیراعظم کے تقریر کرتے ہی ایوان سے چلے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آئوٹ کرکے گئے۔ اپوزیشن سینیٹرز کا کہنا تھا کہ یہ شاہی فرمان نہیں کہ وہ بول کر چلے جائیں، جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پہلے وزیراعظم کے ایوان میں آنے پر احتجاج ہوتا تھا۔ بعدازاں اپوزیشن کی جانب سے کورم کی نشاندہی کی کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس منگل دن 11بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر میاں رضا ربانی نے بات کرنے کا کہا تو ڈپٹی چیئرمین نے انکو قرارداد پاس ہونے کے بعد وقت دینے کی یقین دہانی کروائی، اسی دوران وزیر اطلاعات فواد چوہدری وزیر اعظم عمران خان کے پاس آئے اور انکے کان میں سرگوشی کی جیسے ہی ایوان میں سینیٹر شبلی فراز کی قرارداد پاس ہوئی،وزیر اعظم عمران خان ایوان سے اٹھ کر چلے گئے جس پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا احتجاج کرتے ہوئے سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ وزیر اعظم نے خود بات کی اور ہماری بات سنے بغیر چلے گئے وزیر اطلاعات پر انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم کے کان میں سرگوشی کی اور اسکے بعد وہ چلے گئے وزیر اعظم ! یہ شاہی فرمان نہیں ہے کہ آپ بول کر چلے جائیں آپ کو ہماری بات سننی ہو گی جسکے بعد ایوان میں شدید ہنگامہ ہوا اور ڈپٹی چیئرمین نے سینیٹر اعظم سواتی کو ہدایت کی کہ وہ وزیر اعظم کو واپس آنے کا کہیں جس پر پہلے انہوں نے معذرت کی کہ وہ کس طرح وزیر اعظم کو روک سکتے ہیں، اسی دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن سے بات کرنی چاہی مگر اپوزیشن نے انکی بات سننے سے صاف انکار کر دیا اور احتجاجاً ایوان سے واک آئوٹ کر گئے۔

تازہ ترین