• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر قید کی سزا کے خلاف قیدی کی اپیل منظور، بری کردیا

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ نے عمر قید کی سزا کے خلاف سینٹرل جیل کے قیدی کی اپیل منظور کرکے بری کردیا، جبکہ سندھ ہائی کورٹ نے واپڈا ملازم کے خلاف ڈکیتی اور فائرنگ کے مقدمہ کے علاوہ قتل اور لوٹ مار کے دو الگ الگ مقدمات میں گرفتار 6 ملزمان کی ضمانتیں منظور اور قتل کیس کی ملزمہ کی بریت کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد بینچ نے حالی روڈ تھانے کی حدود سے 2012 میں 20 کلو چرس رکھنے کے الزام میں گرفتار سینٹرل جیل کے قیدی جمیل احمد کی جانب سے فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حیدرآباد کی جانب سے سنائی گئی عمر قید اور جرمانے کی سزا کے خلاف اپیل پر درخواست گزار کے وکیل فرہاد ابڑو کے دلائل کے بعد اپیل منظور کرکے سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے بری کردیا ہے۔ اسی عدالت نے جامشورو کے رہائشی امین الحق کی جانب سے کول مائنز میں اس کے بھائی فیض اللہ کے قتل کیس میں نامزد ملزمہ فلک ناز کی جانب سےبریت کے خلاف درخواست پر فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نےوکلا کے دلائل کے بعد درخواست مسترد کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے ہی پاندھی تھانے میں درج قتل کے مقدمہ میں نامزد دو ملزمان باپ بیٹے عبدالحفیظ جمالی اور عبدالقدیر جمالی کی وکلا کے دلائل کے بعد ایک ایک لاکھ روپے کی ضمانت منظور کرکے سماعت 4 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کردی ہے۔ اسی عدالت نے ضلع دادو کے واہی پاندھی تھانے میں درج قتل‘ لوٹ مار اور فائرنگ کے مقدمہ میں نامزد تین ملزمان ڈنل عرف احمد، منٹھار عرف نور محمد اور صدام رند کی وکلا کے دلائل کے بعد 3,3 لاکھ روپے کی ضمانت منظور کرلی ہے۔ اسی عدالت نے بی سیکشن تھانہ حیدرآباد میں درج واپڈا اہلکاروں کی کارروائی کے دوران لوٹ مار، فائرنگ اور دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں نامزد حیسکو اہلکار اسد جعفری کی 50 ہزار روپے کی عبوری ضمانت برائے قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی ہے۔

تازہ ترین