• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ: بنگلہ دیش کا سری لنکا کو جیت کیلئے 262رنز کا ہدف

ایشیا کپ 2018میں آج کھیلے گئے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو جیت کے لیے 262رنز کا ہدف مقرر کردیا ہے۔ مشفیق الرحیم نے شاندار 144رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ملنگا 4 وکٹیں لے اڑے۔

متحدہ عرب امارات میں بنگال ٹائیگرز کے کپتان مشرفی مرتضی نے لنکن ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹائیگرز کی اننگز کی ابتداء بلکل اچھی نہ رہی اور ملنگا نےٹیم میں واپس آتے ہی پہلے ہی اوور میں ٹائیگرز کے 2 بیٹسمینوں کو پویلین پہنچا دیا پھر تمیم اقبال دوسرے اوور میں ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گرائونڈ سے باہر چلے گئے۔

بنگلہ دیش نے خراب شروعات پر ہمت نہیں ہاری اور مشفیق الرحیم اور محمد متھن نے ٹیم کی ڈوبتی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے نکالا اور تیسری وکٹ پر 131رنز جوڑ دیے ،134کے مجموعی اسکور پر محمد متھن 63رنز بنا کر ملنگا کی تیسرے وکٹ بن گئے۔

شراکت کے ٹوٹنے کے بعد مشفیق الرحیم کے علاوہ ٹیم کا کوئی بیٹسمین لنکن بولرز کا مقابلہ نہ کرسکا اور ایک،ایک کرکے ٹیم کی وکٹیں گرتی گئیں تاہم مشفیق الرحیم آخر تک ڈٹے رہے اور 4چھکوں اور 11چوکوں کی مدد سے شاندار 144رنز کی اننگز کھیل ڈالی ،وہ ٹیم کے آئوٹ ہونے والے آخری بیٹسمین تھے۔

مشفیق الرحیم اس سنچری کے ساتھ ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کی جانب سے 2 سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

آخری وکٹ پر دوبارہ بیٹنگ کے لیے آنے والے بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال نے ایک ہاتھ سے بیٹنگ کی اور مشفیق الرحیم کے ساتھ اہم 32رنز کی شراکت قائم کی ۔

ادھر لنکن بولرز کی جانب سے لاستھ ملنگا نے 4، دننجایا ڈی سلوا 2جبکہ لکمل،اپونسو اور پریرا ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

تازہ ترین