• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل بینک کو جدیدخطوط پراستوارکرنا اولین ترجیح ہے، طارق جمالی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)  نیشنل بینک کے قائم مقام صدر طارق جمالی نے کہا ہےکہ  بینک کو جدید خطوط پر استوار کرنا اولین ترجیح ہے۔ تاحال نئی حکومت کی جانب سے نیشنل بینک کو کوئی پالیسی گائیڈ لائن جاری نہیں کی گئی ،نیشنل بینک آف پاکستان میں سابقہ حکومت کی شروع کی گئی وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم جاری ہے مگر سست روی کا شکار ہے۔ بینک کے قائم مقام صدر طارق جمالی نے پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے50 لاکھ سستے گھروں کی اسکیم متعارف کرانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ،نیشنل بینک ان گھروں کی تعمیر کے لیے قر ض فراہمی کی صلاحیت رکھتا ہے کیونکہ بینک کی سائبان اسکیم جاری ہے اور گھروں کے لیے قرضوں کے اجراء کا مکمل انفرااسٹرکچر موجودہے ،بینک انتظامیہ اس ضمن میں تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 2سال میں بینک نے خدمات، آئی ٹی اخراجات میں بچت اور ڈوبے ہوئے قرضوں کی وصولی ترجیحات میں شامل کی ہیں۔ بینک مالیاتی خدمات کی پسماندہ طبقوں تک توسیع میں اپنا کردار ادا کریگا۔ بینک آئی ٹی میں سرمایہ کاری کرکے ڈیجیٹل بینکاری کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک ٹیکسٹائل شو پاور اور زراعت کے شعبوں میں بھاری قرضے جاری کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے نیشنل بینک کوسال 2018 کابہترین تجارتی بینک قراردیا ہے۔ اے ڈی بی کا یہ ایوارڈ نیشنل بینک کی جانب سے جاری کردہ ایل سیزاور ریکارڈ ٹرانزیکشنز پر دیا گیا ہے۔دریں اثنا نیشنل بینک کے قائم مقام صدر نے حکومت کی شجرکاری مہم کے سلسلے میں کراچی یونیورسٹی میں پودا لگایا۔بینک نے ملک بھر اور کراچی میں مختلف مقامات پر درخت لگانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یونیورسٹی کیمپس کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے بینک کی جانب سے یونیورسٹی میں ایک ہزار درخت لگائے جائیں گے۔کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلرطاہر خان نے بینک کے صدر کے اس اقدام کو سراہا۔

تازہ ترین