• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیوہ ضعیف خاتون کو 3بیٹوں نے بیویوں کے کہنے پر مار پیٹ کرکے گھر سے نکال دیا

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد میں ایک بیوہ ضعیف خاتون کو اس کے تین بیٹوں نے اپنی بیویوں کے کہنے پر مار پیٹ کرکے گھر سے نکال دیا‘ ضعیف خاتون گذشتہ تین سال سے غیروں کے گھروں میں دھکے کھانے پر مجبور اور انصاف نہ ملنے پر گذشتہ روز حیدرآباد پریس کلب پہنچ گئی اور مطالبہ کیا کہ بیٹوں کے خلاف قانونی کاروائی کرکے شوہر کا چھوڑا گیا گھر بیٹوں سے واپس دلوایا جائے۔ حیدرآباد کے علاقے ہوسڑی کی رہائشی بیوہ ضعیف خاتون مسماۃ وسیمہ نے اپنے تین بیٹو ں نیک محمد‘ولی محمداور دین محمد سمیت ان کی بیویوں کے خلاف احتجاج کیا اور الزام عائد کرتے ہوئے بتا یا کہ میرے تینوں بیٹوں نے اپنی بیویوں کے کہنے پر تین سال قبل مجھے مار پیٹ کرنے کے بعد میرے شوہر کی جانب سے چھوڑے گئے لطیف آباد یونٹ نمبر12اور جمعہ گوٹھ امریکن کواٹر میں واقع گھروں پر قبضہ کر لیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ بیٹوں اور بہووں کی جانب سے گھر سے نکالنے کے بعد وہ گھروں میں کام کرکے اپنا گذر بسر کر رہی ہوں اور گھر نہ ہونے کے باعث در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوں۔ انہوں نے بتا یاکہ بیٹوں کی جانب سے گھروں پر قبضے کے خلاف عدالت میں بھی درخواست دی تھی لیکن میرے بیٹوں نے اپنا اثرو رسوخ استعمال کرکے درخواست خارج کرادی۔ بیوہ خاتون نے کہاکہ وہ ایک بیوہ اور لاچار عورت ہے اور عمر کے آخری حصے میں اپنے بیٹوں کے ظلم کا شکار ہوں۔ انہوںنے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ میرے بیٹوں کے قبضے میں شوہر کا گھر خالی کرا کر میرے حوالے کیا جائے۔
تازہ ترین