• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

100روزہ حکومتی پلان : سمت نظر نہ آئی ، سادگی و بچت مہم کامیاب

کراچی (ٹی وی رپورٹ)پی ٹی آئی حکومت کے 100روزہ پلان کی سمت نظر نہیں آتی البتہ سادگی اور بچت کی مہم نظر آرہی ہے۔ پاکستان نے ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو 8وکٹوں سے شکست دے دی ۔اس حوالے سے جیو نیوز کے پروگرام ’’جیو پاکستان ‘‘میں سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت کا کہنا تھااگرپاکستان ٹاس جیت جاتا تو بہت اچھا ہوتااس سے تمام بلے بازوں کو موقع ملتا ۔کمزور ٹیم سے مقابلہ ہوتو کھلاڑیوں کاٹیمپرامنٹ تھوڑا کم ہوتا ہے ۔سکندربخت کا مزید کہنا تھاکہ ایواے ای کا موسم کافی گرم ہے لہٰذا ہرمقابلے میں کھلاڑیوں کے اعصاب کا امتحان ہوگا۔پاک بھارت میچ کیلئے شاہینوں نے بھرپور محنت کی ہے، کھلاڑیوں کی فٹنس اچھی ہے لیکن گرمی کے باعث سرفرازکو سمجھ داری کے ساتھ کپتانی کرنا ہوگی۔بالرز کو چھوٹے چھوٹے اسپیل کرائیں ،ساتھ ساتھ شعیب ملک یا فخر زمان سے بھی گیند کرائی جاسکتی ہے ۔جیت کیلئے گرین شرٹس کو 300رنز کرنا ہوں گے۔اگر تین سو سے زائد اسکور بنتا ہے تو میچ میں پاکستان کی پوزیشن بہت مضبوط ہوجائیگی۔غلطی سے سیکیورٹی اہلکار کی گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والی10سالہ بچی امل کے والدین نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔کراچی میں گرین لائن منصوبہ تاخیر کا شکار ہے ۔وفاقی اور صوبائی ایک حکومت ایک دوسرے کو تاخیر کا موردالزام ٹھہرارہی ہیں۔ماہر تعلیم اور سنیئر کرئیرکونسلرسیدعابدی نے کہا کہ 2کروڑ 20لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں جن میں سے تقریباً 57فیصدکے قریب بچے انتہائی غریب گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں ،37بچوں پر ایک ٹیچرہے ،18فیصد سرکاری اساتذہ غیر حاضر ہیں جبکہ 65فیصد سرکاری اسکولوں کی چاردیواری تک نہیں ہے ،58فیصد اسکولوں میں باتھ رومز تک نہیں ہیں ان مسائل کے باعث والدین سرکاری اسکولوں میں بچوں کو نہیں بھیجتے لہٰذا اسے بہتر بنانے کیلئے ہمیں مشاورت کرناہوگی ،صوبائی اور وفاقی حکومت کو مل کر حکمت عملی طے کرنا ہوگی ،وزارت تعلیم کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔پروگرام میں سینئرتجزیہ کارامتیازعالم نے ملک کے سیاسی درجہ حرارت پر گفتگو کی انہوں نے تجزیہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے 100روزہ پلان کی سمت نظر نہیں آتی البتہ سادگی اور بچت کی مہم نظر آرہی ہے ۔صدرمملکت عارف علوی تحریک انصاف کی پالیسیوں کو آگے بڑھائیں گے ۔اپوزیشن انتخابی دھاندلی پر تحقیقات کا مطالبہ کررہی ہے صدر مملکت کو حزب اختلاف کی تشفی کرنا چاہئے ۔عارف علوی تحریک انصاف کے بنیادی اور پُرجوش کارکن رہے ہیں ۔وہ ایک سرگرم صدر مملکت ثابت ہونگے ،وہ سندھ میں کافی متحرک ہیں جبکہ دوسرے صوبوں میں بھی جلد ہمیں اُن کاکردار نظر آئے گا۔ بہتر ہوگا کہ صدر پارٹی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں اور خود کو پی ٹی آئی سے علیحدہ کرلیں۔عارف علوی کو سماجی خدمت اور فلاحی کاموں پر توجہ دینا چاہئے ۔خاص طور پر تہذیبی روایات کوفروغ دینے کیلئے وہ اپنا بھرپور کردارادا کرسکتے ہیں ۔صدرمملکت کو دانشوروں ،معیشت دانوں اورتھنک ٹینک کے ساتھ ایک مکالمے کا آغاز کرنا چاہئے ۔صدرکو اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بھی رابطہ قائم رکھنا چاہئے اور حالیہ الیکشن پر مخالفین کے تحفظات دورکرنا چاہئیں کیوں کہ جب تک مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے پارلیمانی کمیشن نہیں بنتا اپوزیشن اس وقت تک اسمبلی کے فورم پر ہنگامہ کرتی رہے گی ۔پروگرام میں کلثوم نوازکی وفات پر تعزیت کرنے والوں کے بیانات نشر کئے گئے ۔اس حوالے سے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز ایک باہمت خاتون تھیں ،جمہوریت کیلئے ان کی جدوجہد کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔شریف خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔

تازہ ترین