• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام بڑے شہروں میں ریسرچ سنٹرز قائم کئے جائیں، محمد سلیمان

پشاور(خبر نگار) بائیو ٹیکنالوجی اورمائیکرو بیالوجسٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن ، صوبائی حکومت اور دیگر متعلقہ حکام سے تمام بڑے شہروں میں ریسرچ سنٹرز قائم کرنے کامطالبہ کیا ہے گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں بائیو ٹیکنالوجی اور مائیکرو بیالوجی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں ڈاکٹر محمد سلیمان، مائیکرو بیالوجسٹ سجاد احمد ،ڈاکٹر میاں ظاہر ، نویداقبال ،عادل ظفر اور دیگر کا کہنا تھاکہ حکومت نے پاکستان یونیورسٹیز میں 2001 میں بائیوٹیکنالوجی متعارف کرائی لیکن آج تک بائیو ٹیکنالوجی اورمائیکروبیالوجی سے فارغ التحصیل طلبہ کی نوکریوں کیلئے کوئی جامع پالیسی نہیں بنائی ہے جس سے ان افراد میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بائیو ٹیکنالوجسٹ اورمائیکروبیالوجسٹ کے اکثر سائنسدان بیرون ممالک کی اعلیٰ یونیورسٹیزمیں ریسرچ مکمل کرکے پاکستان کی خدمت کیلئے آئے ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہزاروں کی تعداد میں بے روزگار بائیو ٹیکنالو جسٹ اور مائیکرو بیالوجسٹ کیلئے باعزت روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں مائیکرو بیالوجی اور بائیو ٹیکنالوجی کو پبلک سروس کمیشن میں بیالوجی کے برابر تسلیم کیاجائے ، سبجیکٹ سپیشلسٹ کی پوسٹوں کیلئے ہماری ڈگریاں اہل قرار دی جائیں ،ہر بڑے شہرمیں بائیو ٹیکنالوجسٹ اور مائیکرو بیالوجسٹ کیلئے ریسرچ سنٹرز قائم کئے جائیں ،ہرضلعی ہسپتال میں ان کے کیلئے دوپوسٹیں بنائی جائیں ، محکمہ ماحولیات ، محکمہ فوڈ ،ہسپتالوں کی لیبارٹریز ، پانی نکاس آب اور دیگر محکموں میں ان کونوکری دی جائے ۔
تازہ ترین