• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی ملک و قوم کے بجائے کسی اور کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے، علی نواز شاہ رضوی

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد ڈویژن کے صدر سید علی نواز شاہ رضوی‘ جنرل سیکریٹری دوست علی جیسر‘ اطلاعات سیکریٹری آفتاب احمد خانزادہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت ملک و قوم کے مفاد کے ایجنڈے کے بجائے کسی اور کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے‘ اس وقت ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی بڑھتی چلی جارہی ہے‘ گیس و دیگر اشیاءکی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں‘ سادگی کا درس دینے والا وزیر اعظم چالیس چالیس گاڑیوں کے پروٹوکول میں سفر کررہا ہے‘ جھوٹ اور اقربا پروری کی سیاست پی ٹی آئی حکومت کا ذریعہ معاش بن چکی ہے‘ معاشرے میں عدم برداشت کا رجحان پی ٹی آئی حکومت کی بے حسی کی وجہ سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چلانا اناڑیوں کا کام نہیں اور گورنر ہاؤس کھولنے‘ گاڑیاں نیلام کرنے سے ملک نہیں چلتے اور نہ ہی چندے کے پیسوں سے ڈیم تعمیر ہوتے ہیں۔
تازہ ترین