• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوفان الی،کارروان پہاڑی ڈھلوان سے اڑنے پر خاتون ہلاک

لندن ( نیوز ڈیسک ) جمہوریہ آئرلینڈ میں ایک کاروان پہاڑی ڈھلوان سے اڑ جانے کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی، واضح رہے کہ برٹش جزیرے کے مختلف حصوں میں طوفان الی سے تباہی ہوئی ہے۔50سال کے لگ بھگ عمر کی خاتون برطانوی وقت کے مطابق 7.45بجے صبح کلیڈھگ دف، کائونٹی گیلوے میں کاروان اڑ جانے کے بعد ہلاک ہوئی۔ آئرلینڈ میں تقریباً 55000مکانات بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، قبل ازیں وارننگ دی گئی تھی کہ ہوائوں کے 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والے جھکڑوں سے برطانیہ کے مختلف حصوں میں سفری سہولیات معطل اور پاور سپلائی متاثر ہوگی۔شمالی آئرلینڈ ، سکاٹ لینڈ اور شمالی انگلینڈ کے لئے امبر وارننگ جاری کی گئی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ زندگیوں کو خدشات لاحق ہیں۔ بی بی سی کے ویدر فورکاسٹر بین رچ نے کہا ہے کہ برطانیہ کے مختلف حصوں میں موسم خطرناک ہے وسطی اور جنوبی سکاٹ لینڈ اور شمال مشرقی انگلینڈ میں سخت ہوائیں چلیں گی۔شمالی آئرلینڈ میں دو کونسلوں نے طوفان کے باعث اپنے پبلک مقامات بند کر دیئے ہیں۔ بلفاسٹ سٹی کونسل کے مطابق اس نے اپنے تمام پارکس، پچز اور کھیل کے میدان بند کر دیئے ہیں جبکہ ڈیری سٹی اور سٹرابین ڈسٹرکٹ کونسل نے اپنے تمام پارکس اور قبرستان بھی بند کر دیئے۔ بلفاسٹ زو بھی تاحکم ثانی بند رہے گا۔
تازہ ترین