• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوٹری، بد امنی اور لوٹ مار سے عام شہری پریشان، ملزمان کی سرگرمیاں جاری

کوٹری(نامہ نگار)کوٹری میں بد امنی اور لوٹ مار سے عام شہری پریشان،ملزمان کی سرگرمیاں بدستور جاری۔شہریوں نے پولیس کارکردگی کےخلاف احتجاج کا اعلان کردیا ۔تفصیلات کے مطابق کوٹری میں بد امنی اور لوٹ مار کی وارداتوں سے عام شہری سخت پریشان نظر آتے ہیں رواں دو ماہ کے دوران قتل ،اغوائ،لوٹ مار اور چوری کی درجنوں وارداتوں نے شہریوں کو عدم تحفظ کا شکار بنا دیا ہے ۔گزشتہ دنوں کوٹری تھانہ کے باہر سے پولیس اہلکار سجاد درس کی موٹر سائیکل نامعلوم چور لے اڑے تھے وہ چند روز بعد برآمد کرلی گئی ہے۔اس ضمن میں ڈسٹرکٹ پولیس جامشورو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے دوران چیکنگ ملزمان کو روکنے کو کہا تووہ مسروقہ موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔پولیس اہلکاروں کے سامنے ملزمان کا باآسانی فرار ہونا اور ملزمان کا مسروقہ گاڑی واردات کے 48گھنٹے بعدبھی زیر استعمال لانا معنی خیز سمجھا جارہا ہے ۔قابل ذکر امر یہ ہے کہ پولیس اہلکار کی مسروقہ گاڑی چندروز میں برآمد کر لی گئی جبکہ عام شہری سالوں سے اپنی قیمتی گاڑیوں سے محروم بنے ہوئے ہیں مگر انہیں پولیس افسران جھوٹی تسلی دیکر ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے ۔دوسری جانب ادارہ انسانی حقوق کی جانب سے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی حیدرآباد سے فوری معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر پولیس کی ناقص کارکردگی پر بھر پوراحتجاج کیا جائےگا۔

تازہ ترین