• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت کرکٹ ٹاکرا، یو اے ای میں مقیم خاندانوں کی ہمدردیاں تقسیم

دبئی (اے ایف پی) ایسے وقت میں جب متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا زوروں پر دیکھا جارہا ہے، بعض خاندانوں کی ہمدردیاں اس حوالے سے تقسیم ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں ایسے بہت سے خاندان مقیم ہیں جن کا تعلق پاکستان اور بھارت سے ہے اور جو برصغیر کے مقابلے میں یہاں رہنا آسان سمجھتے ہیں۔ وہاں پاکستانیوں کو بھارت کا ویزہ لینے میں بھی مشکلات درپیش ہوتی ہے اور یہی صورتحال بھارت کے لوگوں کے ساتھ ہے۔ اگست 1947کے بعد سے ہی دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ چلے آرہے ہیں۔ آزادی کے بعد سے اب تک دونوں ملکوں نے تین جنگیں لڑی ہیں جبکہ سرحد کے آر پار ہزاروں خاندان تقسیم ہیں۔ 2008میں ممبئی حملوں کے بعد دونوں ممالک میں تعلقات مزید خراب ہو گئے اور دونوں کے عوام میں ملاپ بہت محدود ہوگیا۔ اس حوالے سے ایک ہائی پروفائل مثال ثانیہ مرزا کی شعیب ملک سے شادی ہے جن کا گھر دبئی میں ہے۔ بھارتی شہری قاسم وکیل اپنی پاکستانی اہلیہ غزالہ کے ہمراہ بھی دبئی میں مقیم ہیں ۔ قاسم نے اےایف پی کو بتایا کہ اگر ہم دبئی میں نہ رہتے تو ہمارے شادی بھی ممکن نہ تھی، غزالہ کا تعلق لاہور سے ہے اور میرا ممبئی سے، اور اگر ہم نیوٹرل جگہ پر نہ رہائش پذیر ہوتے تو ہماری شادی بھی نہ ہوتی۔ یہ دونوں اس وقت قریب آئے جب قاسم کی ملاقات اپنے ہونے والے سسر سے 2014میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ میں ہوئی۔ غزالہ کا کہنا تھا کہ میں نے یہ کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ اپنی آنکھوں سے شاہد آفریدی، عبد الرزاق، محمد عامر اور دیگر کو متحدہ عرب امارات کھیلتا دیکھ سکوں گی۔ ایشیا کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 8وکٹوں سے شکست دے دی اور دونوں ممالک کا اتوار کو سپر فور مرحلے میں میچ طے ہے۔ غزالہ کا کہنا تھا کہ اب بھارت اور پاکستان کو متحدہ عرب امارات میں کھیلتا دیکھ کر گھر جیسا احساس ہوتا ہے۔ بھارت 2006سے متحدہ عرب امارات میں کھیل رہا ہے جس کی وجہ سے یہاں بڑی تعداد میں مقیم بھارتی کمیونٹی گہری دلچسپی لیتی ہے۔ کلب لیول کرکٹ کھیلنے والے نوید کا تعلق مقبوضہ کشمیر کے علاقے سری نگر سے ہے جبکہ ان کی اہلیہ ندا کا تعلق اسلام آباد پاکستان سے ہے۔

تازہ ترین