• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تحریر: وقار ملک۔۔۔کوونٹری
نئے ڈیمز کی تعمیر ایک بنیادی اور قومی مسئلہ ہے جس کی تعمیر کیلئے ہر پاکستانی کو آگے بڑھنا ہوگا تاکہ دنیا کو دکھایا جاسکے کہ پاکستانی قوم نہ صرف متحد ہے بلکہ اپنے وطن پاکستان کے ساتھ مخلص بھی ہے، ڈیمز کی تعمیر کے اعلان کے ساتھ ہی پڑوسی ملک بھارت نے واویلا شروع کردیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ پاکستان کا ڈیم متنازع ہے اور پاکستان کی اپنی سیاسی پارٹیاں اس کے حق میں نہیں کہ ڈیم تعمیر کیا جائے ۔ بھارت کے اس پروپیگنڈے کے بعد پاکستان کو ڈیم کی تعمیر کے لئے سرکاری سطح پر قرضے ملنا ایک مشکل کام ہے لیکن وزیراعظم پاکستانی عمران خان نے عوامی سطح پر ڈیم کی تعمیر کے لئے اوورسیز پاکستانیوں سے ایک ہزار ڈالر بھجوانے کی اپیل کی ہے۔ وزیراعظم پاکستان کے قریبی دوست سینیٹر فیصل جاوید یورپی یونین کی دعوت پر برسلز آرہے ہیں وہ یورپ کے دیگر ممالک اسپین، ہالینڈ، فرانس کا بھی دورہ کریں گے تاکہ ڈیم کے لئے فنڈز اکھٹا کئے جائیں۔ اس کار خیر میں تحریک انصاف کے کارکنان متحرک ہوچکے ہیں۔ برسلز پی ٹی آئی کے چیئرمین گوہر برادران، شکیل گوہر پہلے ہی چیف جسٹس کے اکائونٹ میں فنڈز جمع کروا چکے ہیں اور آئندہ بھی اپنے چیئرمین عمران خان کی آواز پر لبیک کہنے کا اقرار کرچکے ہیں بالکل اسی طرح دیگر شہروں اور ممالک سے پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ آگے بڑھے اور سینیٹر فیصل جاوید اور ان کے رفقا کی آمد پر زیادہ سے زیادہ فنڈز دیں۔ شکیل گوہر کی یہ تجویز بہترین ہے کہ اگر کسی اوورسیز کی جائیداد پاکستان میں ہو اور وہ اس کے استعمال میں نہیں تو وہ اپنی زمین، جائیداد بھی فنڈز میں دے سکتے ہیں۔ دو سال قبل پانی کی قلت کے حوالے سے چیئرمین واپڈا ظفر محمود خطرے کی گھنٹی بجا چکے تھے کہ آئندہ پانچ سال میں بلوچستان پانی کی نعمت سے محروم ہو جائے گا جب کہ ملک کے دیگر صوبوں کو بھی پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس کا اندازہ آبی ماہرین کی اس سروے رپورٹ میں لگایاجاسکتا ہے جس کے مطابق اس وقت لاہور میں زیر زمین پانی کی سطح کم ہوتے ہوتے 9 سو فٹ تک نیچے جاچکی ہے اگر زیر زمین پانی کی سطح نیچے جانے کا یہ سلسلہ اسی طرح سے جاری رہا تو لاہور ہی نہیں پورے ملک کو آئندہ برسوں میں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہوگا۔ بحران سنگین ہونے سے پہلے ہی اس پر قابو پایا جائے۔ اس لئے اوورسیز پاکستانی ہی نہیں ملک میں موجود عوام کو بھی سیاسی اور ذاتی اختلافات بالائے طاق رکھ کر حکومت کی اپیل پر لبیک کہنا چاہئے ہم جتنے زیادہ ڈیمز تعمیر کریں گے اس سے ہم ملک کی سلامتی کے خلاف بھارتی سازشوں کا بھی مقابلہ کر سکیں گے۔
تازہ ترین